برطانیہ میں عام انتخابات کے لئے ووٹنگ کا عمل جاری ہے۔
برطانوی عام انتخابات میں پولنگ مقامی وقت کے مطابق صبح 7 سے رات 10 بجے تک ہوگی، ووٹنگ ختم ہونے کے فوراً بعد ایگزٹ پول کا سلسلہ شروع ہوجائے گا اور پولنگ ختم ہونے کے کچھ گھنٹے بعد نتائج آنے شروع ہوجائیں گے۔
پارلیمنٹ کی 650 نشستوں کیلئے اپوزیشن کی لیبر پارٹی، حکمران کنزریٹو پارٹی، لبرل ڈیموکریٹک پارٹی، اسکاٹش نیشنل پارٹی، ریفارمز اور دیگر سیاسی جماعتوں اور آزاد امیدواروں 4500 سے زائد امیدواروں کے درمیان آج مقابلہ ہوگا۔
کل 650 نشستوں میں سے 533 انگلینڈ، 59 اسکاٹ لینڈ، 40 ویلز اور 18 نشستیں شمالی آئرلینڈ کی ہیں۔
عام انتخابات کیلئے پولنگ مقامی وقت کے مطابق صبح 7 بجے سے رات 10 بجے تک بلا تعطل جاری رہے گی، جبکہ انتخابات کے نتائج کا اعلان 5 جولائی کو کیا جائے گا۔
آج ہونے والی پولنگ کیلئے 40 ہزار سے زائد پولنگ اسٹیشنز قائم کیے گئے ہیں جبکہ تقریباً 5 کروڑ ووٹرز اپنا حق رائے دہی استعمال کرنے کے اہل ہوں گے۔
انتخابات کے بعد حکومت بنانے کیلئے کسی بھی سیاسی جماعت یا جماعتوں کے اتحاد کو کم از کم 326 نشستیں درکار ہوں گی۔
الیکشن کے بعد 9 جولائی کو پارلیمنٹ کے اجلاس میں نو منتخب اراکین حلف اٹھائیں گے اور اسپیکر کا انتخاب ہوگا، تاہم انتخابات میں برٹش پاکستانی امیدوار بھی میدان میں موجود ہیں۔




















