وفاقی حکومت نے محرم کے دوران سوشل میڈیا کی بندش کی درخواست مسترد کردی۔
ذرائع وزارت داخلہ کے مطابق صوبوں کی جانب سے محرم الحرام میں سوشل میڈیا کی بندش کی سفارش کی گئی تھی، تاہم وفاقی حکومت کی جانب سے ان کی درخواست کو مسترد کردیا گیا ہے۔
ذرائع نے بتایا ہے کہ محرم الحرام کے ایام میں سوشل میڈیا ایپلی کیشنز بند نہیں ہوں گی تاہم محرم الحرام میں سیکیورٹی کو فول پروف، مزید فعال اور مؤثر بنایا جائے گا۔
ذرائع نے کہا ہے کہ محرم میں موبائل سگنلزبھی ان مقامات پر بند ہوں گے جہاں جلوس اور مجالس ہوں گی۔
واضح رہے کہ محرم الحرام کے دوران مختلف صوبوں کی طرف سے 6 ایپلی کیشنز کو 6 سے 11 محرم تک بند رکھنے کی سفارش کی گئی تھی۔
اس سے قبل، صوبائی حکومتوں کی جانب سے محرم الحرام میں سخت سیکیورٹی اقدامات سے متعلق متعدد فیصلے کیے گئے ہیں، جن میں 9 اور 10 محرم کو موٹر سائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی سمیت دفعہ 144 کا نفاذ بھی شامل ہے۔
دوسری جانب، محکمہ داخلہ پنجاب نے محرم الحرام کے دوران امن و امان یقینی بنانے کے سلسلے میں پولیس کی معاونت کے لیے فوج اور رینجرز کی خدمات طلب کرلیں۔

















