اسلام آباد: انجینئر سید اشفاق شاہ کا کہنا ہے کہ انجینئرز کسی بھی ملک کی معاشی ترقی میں بہت اہم کردار کے حامل ہوتے ہیں۔
امیدوار برائے چیئرمین پی ای سی انجینئر سید اشفاق شاہ کی پشاور ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے ممبران سے ملاقات ہوئی۔
ملاقات میں ڈائریکٹر پی ڈی اے واگما، ڈائریکٹر بلڈنگ ناصر خان، سابق ڈائریکٹر پی ڈی اے اعجاز خان، سابق چیف انجینئر سی اینڈ ڈبلیو محمد سہیل، سابق ڈائریکٹر بی آر ٹی عالم زیب و دیگر سے گفتگو ہوئی۔
علاوہ ازیں گفتگو کے دوران ملکی معاشی ترقی میں انجینئرز کے کردار کی اہمیت پر بات ہوئی جب کہ انجینئرز اور انجینئرنگ کے شعبے کو درپیش دیرینہ مسائل سمیت اس شعبے کی طرف کم ہوتا ہوا طلباء کا رحجان بھی زیر بحث آیا۔
انجینئر سید اشفاق شاہ نے اس موقع پر کہا کہ انجینئرز کسی بھی ملک کی معاشی ترقی میں بہت اہم کردار کے حامل ہوتے ہیں، انجینئرز کا مستقبل روشن ہے اور انہیں درپیش مسائل حل کروائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ گزشتہ چند سالوں میں انجینئرنگ شعبے کی طرف طلباء کی عدم دلچسپی بھی ہمارے علم میں ہے اور ہم ان مسائل کو دور کرکے طلبا کا مستقبل روشن اور محفوظ بنانے کیلئے اپنا بھرپور کردار ادا کریں گے تاکہ اس شعبے میں آنے والے طلبا مستقبل کی فکر چھوڑ کر اپنا دھیان تعلیم پر مرکوز رکھ سکیں۔

















