Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

دانش اسکولز نیٹ ورک کو ملک بھر میں تیزی سے پھیلایا جائے گا، وزیراعظم

اسلام آباد: وزیر اعظم شہباز شریف نے ملک بھر میں دانش اسکولوں کے نیٹ ورک کو تیزی سے وسعت دینے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے انٹرمیڈیٹ اور سیکنڈری ایجوکیشن لاہور کے امتحانات میں پہلی پوزیشن حاصل کرنے والے دانش اسکول کے طالب علم محمد ایان کاشف سے ملاقات کی اور ہونہار طالبعلم ایان کاشف کو اعلیٰ کارکردگی پر شاباشی دی۔

اس موقع پر وزیراعظم نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ایان کاشف آپ کو مبارکباد پیش کرتا ہوں، دانش اسکول ہم سب کے لیے فخر کا باعث ہیں، اچھی کارکردگی دکھانے والے نوجوان قابل تعریف ہیں۔

شہباز شریف نے مزید کہا کہ دانش اسکول کو ملک کے دوسرے حصوں میں لے کرجارہے ہیں، بلوچستان میں 4 دانش اسکول کا اجرا کررہے ہیں، آزاد کشمیر، جی بی و دیگر علاقوں میں بھی دانش اسکول باعث فخر ہے۔

ملاقات کے دوران وزیراعظم نے لائق طالبعلم ایان کاشف کو میڈل پہنایا اور اسکو ملک کا مستقبل قرار دے دیا۔

ایان کاشف نے درخواست کی کہ دانش پروگرام یونیورسٹی کی سطح تک لایا جائے، جس پر وزیراعظم نے عرضی منظور کرتے ہوئے وزیراعلیٰ ہنجاب مریم نواز کو ٹاسک سونپنے کا عندیہ دے دیا۔

ملاقات کے اختتام پر وزیراعظم شہباز شریف نے ایان کاشف کو دس لاکھ روپے کا چیک اور لیپ ٹاپ بطور انعام پیش کیا۔

واضح رہے کہ دانش اسکول کے ایان کاشف میٹرک میں 1190 نمبر لے کر پہلی پوزیشن پر آئے اور تعلیمی کارکردگی میں سب سے آگے نکل گئے۔

متعلقہ خبریں