میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے شہر کے مختلف علاقوں کا دورہ کیا ہے۔
بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے شہر میں بارش کے بعد کی صورتحال کا جائزہ لیا، انہوں نے کہا کہ کل کی بارش کے دوران، سب سے بڑا مسئلہ پاپوش ہلز اور حیدری کی طرف سے آنے والے پانی کے سبب پیش آیا، وہاں بہت بڑا گڑھا تھا جو کہ نالوں کی گنجائش سے زیادہ تھا۔
ان کا کہنا تھا کہ میونسپل ٹیم نے 2 گھنٹے میں پانی نکال دیا لیکن میں نے نالوں کی صورتحال دیکھنے کے لیے جگہ کا دورہ کیا جو صاف تھے۔
انہوں نے کہا کہ کراچی کے مختلف علاقوں میں آج بھی وقفے وقفے سے بارش ہوئی ہے، بارش کے بعد اب تک صورتحال قابو میں ہے، بلدیاتی عملہ گراؤنڈ پر موجود ہے۔
میئر کراچی کا کہنا تھا کہ عوام سے گزارش ہے کہ گاڑی خصوصاً موٹر سائیکل احتیاط سے چلائیں، سڑکوں پر پھسلن ہوسکتی ہے۔
بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے بتایا کہ شہر میں سڑکوں پر ٹریفک رواں دواں ہے۔

















