ڈرامہ نگار خلیل الرحمان قمر کو جھانسہ دینے والی ملزمہ نے تہلکہ خیز انکشافات کردیئے ہیں۔
ذرائع کے مطابق ڈرامہ نگار خلیل الرحمان قمر کو ہنی ٹریپ کا شکار بنانے والی مرکزی ملزمہ آمنہ عروج نے اپنا بیان پولیس کو ریکارڈ کروا دیا ہے جس میں انہوں نے حیران کن انکشافات کیے ہیں۔
ملزمہ آمنہ عروج کا پولیس کو دئیے گئے بیان میں کہنا ہے کہ خلیل الرحمان قمر سے 10 سے 15 دن تک بات ہوتی رہی، فون پر گفتگو کے دوران تصاویر کا تبادلہ بھی ہوا، خلیل الرحمان قمر نے ملنے کا کہا تو میں نے انہیں اپنے گھر بلایا۔
یاد رہے کہ خلیل الرحمان قمر نے 15 جولائی کو اپنے ساتھ ہونے والی ڈکیتی اور اغوا کی واردات کی ایف آئی آر 21 جولائی کو لاہور کے تھانہ سندر میں درج کروائی۔
ایف آئی آر میں خلیل الرحمان قمر نے بتایا کہ وہ خود 15 جولائی کی رات 12 بجے آنے والی فون کال پر مداح ہونے کی دعویدار خاتون سے ملنے صبح 4 بجے اُن کے گھر گئے، خاتون اُن کے ساتھ ڈرامہ بنانا چاہتی تھیں۔
اس دوران 7 مسلح افراد نے گھر میں گھس کر ان پر تشدد کیا، اے ٹی ایم سے تقریباً 3 لاکھ روپے نکلوائے، 1 کروڑ روپے تاوان مانگا اور صبح 11 بجے ننکانہ صاحب میں گاڑی سمیت چھوڑ کر بھاگ گئے۔




















