ملک بھر میں یوم دفاع پاکستان آج 6 ستمبر بروز جمعہ کو ملی جوش و خروش، قومی جذبے اور پروقار طریقے سے منایا جا رہاہے۔
یوم دفاع اور یوم شہداء کے موقع پر ملک بھرمیں شہداء کیلئے دعاؤں اورقرآن خوانی کا اہتمام کیا جارہا ہے، اس کے علاوہ شہدا کی یاد گاروں پر پھول چڑھائے جارہے ہیں اور فاتحہ خوانی کی جائی جارہی ہے، جبکہ ملک کی مختلف مساجد میں بھی قرآن خوانی کا اہتمام کیا جارہا ہے۔
ملک بھر میں 6 ستمبر کے دن کا آغاز مساجد میں قرآن خوانی اور دعاؤں کے ساتھ ہوا، علماء کرام نے جنگ ستمبرشہداء کے درجات کی سربلندی کے لئے خصوصی دعاؤں کا اہتمام کیا۔
اس موقع پرعلماء کرام کا کہنا تھا کہ شہداء کی قربانیاں ہم سب پر قرض ہیں، شہید ہمیشہ زندہ ہوتے ہیں، شہید کا خون کبھی رائیگاں نہیں جاتا۔
علماء کرام نے مزید کہا کہ زندہ قومیں اپنے محسنوں کے احسانات کو فراموش نہیں کرتیں، جنگ ستمبر کے شہداء نے اپنے خون کا نذرانہ پیش کرکے وطن کے دفاع کو ناقابل تسخیر بنایا۔

















