شیوہ شمالی وزیرستان میں ماڑی پیٹرولیم کمپنی کا چارٹرڈ ہیلی کاپٹر کریش کرگیا۔
ذرائع کے مطابق ہیلی کاپٹر حادثے میں 6 افراد جاں بحق جبکہ 8 افراد زخمی ہوئے، ایم آئی 8 ہیلی کاپٹر میں 3 روسی پائلٹس اور کریو سمیت 14 مسافرسوار تھے۔
ذرائع نے بتایا کہ ہیلی کاپٹر شیوہ آئل فیلڈ کے قریب اڑان بھرتے ہی تکنیکی فالٹ کی وجہ سے کریش کرگیا، حادثہ انجن فیل ہونے کی وجہ سے ہوا، تخریب کاری کے شواہد نہیں ملے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ زخمیوں کو جائے حادثہ سے سی ایم ایچ تھل پہنچا دیا گیا ہے، تھل سے زخمیوں کو بذریعہ ہیلی کاپٹر منتقل کیا جارہا ہے۔
ہیلی کاپٹر میں اڑان بھرتےہی تکنیکی فالٹ ہوا، ایمرجنسی لینڈنگ کرتے ہوئے ہیلی کاپٹر کاٹیل روٹرزمین سے ٹکرا گیا، حادثے کی تحقیقات شروع کردی گئی ہیں۔
وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے شمالی وزیرستان میں ہیلی کاپٹر حادثے کے نتیجے میں جاں بحق افراد کے لیے اظہار افسوس کیا اور کہا کہ واقعہ انتہائی افسوسناک ہے، انسانی جانوں کے ضیاع کا دکھ ہے۔

















