Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

اسرائیلی حملے میں شام کی معروف اینکر بھی ہلاک

شام کے دارالحکومت دمشق کے ضلع میزہ پر اسرائیلی فضائی حملے میں شام کی معروف ٹی وی اینکر صفا احمد ہلاک ہو گئیں۔

سرکاری ایجنسی کا کہنا ہے کہ اس حملے میں صفا احمد سمیت تین شہری ہلاک اور نو زخمی ہوئے۔

عرب میڈیا کے مطابق مغربی دمشق کے ضلع میزہ میں بہت سے رہائشی بلاکس، مقامی کاروباری مراکز اور سفارتی احاطے ہیں، جن میں ایرانی سفارت خانہ بھی شامل ہے۔

شام کے سرکاری ٹیلی ویژن نے ایک بیان میں کہا ہے کہ وہ دارالحکومت دمشق پر اسرائیلی جارحیت میں شہید ہونے والی اینکر صفا احمد پر تعزیت کا اظہار کرتا ہے۔

شام کی فوج نے بتایا کہ اسرائیل نے منگل کی علی الصبح مقبوضہ شامی گولان کی سمت سے فوجی طیاروں اور ڈرونز کے ساتھ فضائی جارحیت کی جس میں دمشق اور اس کے مضافات میں متعدد مقامات کو نشانہ بنایا گیا۔

شام کے فضائی دفاع کا کہنا ہے کہ انہوں نے منگل کی صبح دارالحکومت اور اس کے مضافات کو نشانہ بنانے والے زیادہ تر اسرائیلی میزائلوں کو ناکام بنا دیا۔

حمص سے تعلق رکھنے والے صحافی صفا احمد نے 2002 میں سرکاری نشریاتی ادارے شام ٹی وی میں شمولیت اختیار کی اور متعدد ثقافتی ٹاک شوز اور پروگراموں کی میزبانی کی، جن میں ناشتے کا اہم شو “صباح الخیر” بھی شامل ہے۔

متعلقہ خبریں