Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

ایران کا اسرائیل پر میزائل حملہ کتنا بڑا تھا؟ جانیے

ایران کی جانب سے منگل کی شب اسرائیل پر 200 کے قریب میزائل داغے گئے ہیں۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق ایران نے منگل کی شب اسرائیل پر 200 کے قریب راکٹ داغے اور ساتھ ہی یہ بھی اعلان کیا کہ اگر اسرائیل کی جانب سے جوابی کارروائی کی گئی تو ایران بھرپور جواب دے گا۔

اسرائیل کی جانب سے حالیہ حملے میں ہونے والے نقصان کے حوالے سے کوئی تفصیلات فراہم نہیں کی گئیں ہیں تاہم حملے کی نوعیت کو دیکھتے ہوئے یہ واضح ہے کہ یہ حملہ اپریل میں ایران کی جانب سے پہلے حملے سے بڑا تھا۔

ایران نے رواں سال اپریل میں 110 کے قریب بیلسٹک میزائل اور 30 کروز میزائل داغے تھے جب کہ اس حملے میں ایران نے ہائپر سونک میزائل استعمال کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔

اسرائیلی حکام کا کہنا ہے کہ اس حملے کے فوری بعد دفاعی نظام متحرک ہوگیا تھا لیکن پھر بھی ملک کے وسطی اور جنوب کے علاقوں میں کئی میزائل کامیاب ہوئے۔

ایران کے پسداران انقلاب نے دعویٰ کیا ہے کہ 90 فیصد میزائل اپنے ہدف کو نشانہ بنانے میں کامیاب رہے ہیں جب کہ ان حملوں میں تین اسرائیلی دفاعی اڈوں کو نشانہ بنایا گیا ہے۔

دوسری جانب اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو نے اس حملے کو ایران کی بڑی غلطی قرار دیا ہے جب کہ اسرائیلی فوج کے ترجمان نے اعلان کیا کہ اسرائیل اپنی مرضی اور وقت پر جوابی کارروائی کرے گا۔

امریکہ نے بھی اسرائیل کی حمایت جاری رکھتے ہوئے اعلان کیا کہ کوئی بھی اس معاملے پر غلط فہمی میں نہ رہے، امریکہ اسرائیل کے دفاع میں مدد کرنے کے لیے تیار ہے اور اس کی حمایت جاری رکھے گا۔

واضح رہے کہ ایران کی جانب سے اسرائیل پر حملہ ایک ایسے وقت میں کیا گیا ہے جب لبنان پر فضائی حملوں کے ساتھ ساتھ اسرائیل نے زمینی حملے کا بھی آغاز کردیا ہے۔

متعلقہ خبریں