Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

ایوان سے نقاب پوش دس ارکان کو اٹھا کر لے گئے، علی محمد خان

پی ٹی آئی رکن قومی اسمبلی علی محمد خان نے قومی اسمبلی میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اس ایوان سے نقاب پوش دس ارکان کو اٹھا کر لے گئے اس کے لیے کیا کیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ آج ان ایوانوں کو بلڈوزکرنے کی تیاری کی جارہی ہے اس ایوان کی بے توقیری کی حدیں پار کردی گئیں

رہنما پی ٹی آئی علی محمد خان نے کہا کہ اسپیکر ایازصادق نے نقاب پوشوں کے خلاف ایف آئی آر درج کرانے کا اعلان کیا، اسپیکر صاحب بتائیں وہ ایف آئی آر کہاں ہے، آج سوال یہ ہورہا ہے کہ اس پارلیمان کی حیثیت کیا ہے ؟

انہوں نے کہا کہ آج میرے لیڈر پر سوال کررہے ہیں، آپ آئین سازی کریں مگر عورتوں کے دوپٹے چھین کر آئین سازی نہ کریں، آپ چادر و چاردیواری کا تقدس پامال کر کے آئینی ترمیم چاہتے ہیں۔

بلاول اور نوازشریف بتائیں یہ سب کچھ آپ کی مرضی سے ہو رہا ہے، کیا فیاض چجھڑا کے بیٹے کا گوشت پلاسوں سے نوچ کر اس کی والدہ کو لائیو دکھایا گیا، کیا ایسے گوشت نوچ کر آپ ووٹ چاہتے ہیں، کیا آپ اس طرح کی کارروائی میں ملوث ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ آپ چیف جسٹس کا تقرر پارلیمانی پارٹی میں حکومتی اکثریت لا کر کرنا چاہتے ہیں، آپ چیف جسٹس کو وزیر اعظم اور پارلیمانی کمیٹی کے تابع دینا چاہتے ہو۔

علی محمد خان کا کہنا تھا کہ اسلام میں قاضی کا مقام ہوتا ہے جو سربراہ حکومت کو بلا سکتا ہے، آپ قاضی کو ماتحت کرنا چاہتے ہیں، آپ یہ کر دیکھیں کہ اگر کمزور چیف جسٹس ہوا تو کل کوئی مولوی مشتاق تمہارے لئے ہی بنے گا۔

وزیر قانون بتائیں انہیں کس سے مسودہ مل گیا تھا، وزیر قانون بتائیں انہیں مسودہ کس نے دیا، وزیر قانون نے تو دوسروں کو قانونی مسودہ دینا ہوتا ہے۔

ہم اس مسودے کو بانی پی ٹی آئی کے سامنے رکھ دیں گے، ہم انہیں کہہ دیں گے کہ اس میں ملٹری کورٹ شامل نہیں اسے دیکھ لیں کیا انصاف کے لئے وہ یہ مسودہ منظور کرلیں گے یا نہیں یہ ان پر ہے۔

انہوں نے کہا کہ کیا آئین سازی پر مشاورت اور ماوں بہنوں کی توہین ساتھ ساتھ چلے گی ؟ آپ کسی کے بدن کو نہیں نوچ رہے آپ جمہوریت کے بدن کو نوچ رہے ہیں۔

پی ٹی آئی رہنما علی محمد خان نے مزید کہا کہ میرا لیڈر وہ ہے جس نے او آئی سی کو منہ پر کہا کہ مردہ قیادت اٹھ کھڑی ہو اور اسلامی بلاک بنائیں۔

متعلقہ خبریں