وزیراعظم شہبازشریف کا کہنا ہے کہ مشکل کی گھڑی میں فلسطینی اور لبنانی بھائیوں کے ساتھ کھڑے ہیں۔
وزیراعظم شہبازشریف نے میڈیکل یونیورسٹیز میں زیرتعلیم فلسطینی طلباوطالبات کے اعزاز میں منعقد کردہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ کھلے دل سے فلسطینی طلبا کو خوش آمدید کہتے ہیں، آپ مہمان نہیں ہمارے بھائی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان جتنا میرا ہے اتنا ہی آپ کا گھر ہے، فلسطین میں اسرائیلی بربریت پر دنیا خاموش تماشائی ہے، اسرائیل کی جانب سے بےگناہ فلسطینیوں کی نسل کشی جاری ہے، فلسطین میں شہر اور گاؤں تباہی کا منظر پیش کر رہے ہیں۔
شہبازشریف نے کہا کہ عالمی برادری نے جنگ بندی کے لیے مؤثر کردار ادا نہیں کیا، اسرائیل نے یو این کی قراردادوں کو ردی کی ٹوکری میں پھینک دیا، اسرائیل نے ظلم وبربریت سے 43 ہزار سے زائد فلسطینی شہید کردیئے۔
وزیراعظم نے کہا کہ مشکل کی گھڑی میں فلسطینی اور لبنانی بھائیوں کے ساتھ کھڑے ہیں، طلبا کو تعلیم کے لیے پاکستان میں تمام سہولتیں فراہم کی جائیں گی، پاکستان آپ کا دوسرا گھر ہے، ہمارے دل آپ کے ساتھ دھڑکتے ہیں۔

















