Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

اسپین میں طوفانی بارشوں سے ہلاکتوں کی تعداد 217 ہوگئی

اسپین میں شدید بارشوں اور سیلاب نے تباہی مچادی ہے جب کہ مرنے والوں کی تعداد 217 تک پہنچ گئی ہے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق اسپین میں صرف چند گھنٹوں کی طوفانی بارشوں نے گذشتہ ایک سال کا ریکارڈ توڑ دیا جب کہ بارشوں کے باعث بڑے پیمانے پر جانی اور مالی نقصان کا سامنا ہے۔

رپورٹ کے مطابق طوفانی بارشوں کے باعث مکانات اور سڑکیں زیرآب آچکی ہیں، سیلاب میں گھرے لوگوں کی مدد کے لیے ریسکیو آپریشن کیا جارہا ہے۔

علاوہ ازیں شہریوں کو گھروں میں رہنے اور غیر ضروری سفر کرنے سے منع کیا گیا ہے جب کہ بارسلونا اور نواحی علاقوں میں طوفانی بارش کا الرٹ بھی جاری کیا گیا ہے۔

صوبہ کاتالونیا کے سول پروٹیکشن ادارے نے الرٹ شہریوں کے موبائل فونز پر بھیجا ہے، متعدد علاقوں میں بارش کی پیش گوئی کے بعد اسکول و کالج کو بند کردیا گیا ہے۔

متعدد علاقوں میں ٹرین سروس بھی معطل ہے جب کہ سیلاب سے مرنے والوں کی تعداد 217 ہوگئی ہے۔

خیال رہے کہ گذشتہ روز اسپین کے بادشاہ فلپ اور وزیراعظم پیدرو سانچز کے دورہ کے موقع عوام نے غصہ کا اظہار کرتے ہوئے نعرے بازی کی تھی۔

شہریوں کا کہنا تھا کہ الرٹ بروقت کیوں نہ جاری کیا گیا، ویلنسیا میں اگر بروقت الرٹ جاری ہوتا تو نقصان سے بچ سکتے تھے۔

متعلقہ خبریں