روس کا کہنا ہے کہ یوکرین نے امریکہ کی جانب سے طویل فاصلے تک مار کرنے والے میزائل داغے ہیں۔
ماسکو میں وزارت دفاع نے کہا ہے کہ یوکرین نے آج صبح روس کے علاقے برائنسک پر حملے میں آرمی ٹیکٹیکل میزائل سسٹم (اٹاکس) کا استعمال کیا۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ پانچ میزائلوں کو مار گرایا گیا اور ایک کو نقصان پہنچا اور اس کے ٹکڑوں کی وجہ سے علاقے میں ایک فوجی تنصیب میں آگ لگ گئی۔
یہ پہلا موقع ہے کہ جوبائیڈن انتظامیہ کی جانب سے دورمار میزائل استعمال کرنے کی اجازت ملنے پر یوکرین نے طویل فاصلے تک مار کرنے والے میزائل روس کے بین الاقوامی طور پر تسلیم شدہ علاقے پر استعمال کیے۔
روس نے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ وہ اس کے مطابق ردعمل ظاہر کرے گا۔
روس کے وزیر خارجہ سرگئی لاوروف نے کہا تھا کہ روس تحقیقات کر رہا ہے کہ یہ میزائل ‘امریکی فوجی ماہرین’ نے چلائے تھے۔
ریو ڈی جنیرو میں جی 20 اجلاس کے موقع پر ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہم اسے روس کے خلاف مغربی جنگ کے ایک نئے چہرے کے طور پر لیں گے اور ہم اس کے مطابق ردعمل ظاہر کریں گے۔
ماسکو نے پیر کے روز کہا تھا کہ امریکہ کی مدد سے اس کی سرزمین کے اندر کسی بھی حملے کا مناسب اور ٹھوس جواب دیا جائے گا۔




















