وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے کہا کہ اللہ کے فضل و کرم اور معاشی ٹیم کی کاوشوں کی بدولت مہنگائی کی شرح گزشتہ چھ سال کی کم ترین سطح پر آگئی۔
وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے ہفتہ وار مہنگائی کی شرح (SPI) مزید کم ہو کر ساڑھے تین فیصد (3.57) پر آنے پر پوری قوم کو مبارکباد دیتے وئے کہا کہ 4 اکتوبر 2018 کے بعد، آج پرائس انڈیکس کم ترین سطح پر ریکارڈ کیا گیا ہے۔
محمد شہباز شریف نے کہا کہ گزشتہ برس میں رواں ہفتے کی نسبت آج مہنگائی کی شرح میں 39.11 فیصد کی بڑی کمی معاشی ٹیم کی دن رات محنت کا نتیجہ ہے، جبکہ عوام سے کئے گئے اپنے ہر وعدے پر قائم ہوں۔
وزیرِاعظم نے یہ بھی کہا کہ عوام کی مشکلات کے ازالے کیلئے دن رات محنت کا عہد کیا تھا، بطور خادم پاکستان اپنے کئے گئے ہر عہد پر قائم ہوں، روزگار کی فراہمی، ملکی صنعتی ترقی اور غیر ملکی سرمایہ کاری میں مزید اضافے کیلئے اقدامات کر رہے ہیں۔
محمد شہباز شریف نے کہا کہ ملک معاشی استحکام کے بعد ترقی کی جانب تیزی سے گامزن ہے، جبکہ بیرون ملک سے ترسیلات زر، دوست ممالک سے سرمایہ کاری میں اضافہ، سفارتی تعلقات میں استحکام پاکستان کی ترقی کے سفر کی عکاسی ہے۔
وزیرِاعظم نے مزید یہ بھی کہا کہ پاکستان کی ترقی و خوشحالی کیلئے ہماری سیاسی قربانیاں رائیگاں نہیں گئیں، ملکی ترقی کے سفر میں تمام اسٹیک ہولڈرز اپنا مثبت کردار ادا کر رہے ہیں۔

















