واشنگٹن: سکھوں کی تنظیم سکھ فارجسٹس نے وزیراعظم شہباز شریف کو خط لکھا، جس میں پاکستان کو اقوام متحدہ کی سیکورٹی کونسل میں منتخب ہونے پر مبارکباد دی ہے۔
خط کے متن کے مطابق سیکورٹی کونسل میں پاکستان کا انتخاب پاکستان کی عالمی امن کی کوششوں کی عکاسی کرتا ہے۔
سکھ فارجسٹس کے رہنما گرپتونت سنگھ پنوں نے خط میں کہا کہ یہ اہم کامیابی بین الاقوامی امن، انصاف اور اقوام متحدہ کے چارٹر میں درج اصولوں کے لیے پاکستان کی لگن کی عکاسی کرتی ہے۔
گرپتونت سنگھ پنوں نے خط میں لکھا کہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی 1948 کی قرارداد میں تجویز کردہ استصواب رائے کے ذریعے کشمیری عوام کے حق خودارادیت کی توثیق کا بیان بروقت اور قابل تعریف ہے۔
سکھ فارجسٹس کے خط مطابق یہ بین الاقوامی برادری کے لیے اخلاقی اور قانونی ضرورت کی یاد دہانی ہے کہ وہ مظلوم لوگوں کے آزادی اور انصاف کے حصول کے حق کی حمایت کرے۔
سکھ فارجسٹس کی جانب سےوزیراعظم کو لکھے جانے والے خط میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ کشمیر کی طرح پاکستان سکھ برادری کی حق خود ارادیت کے لیے جاری جدوجہد کی حمایت پر غور کرے۔
خط کے مطابق سکھ فارجسٹس کی طرف سے منعقد کیا جا رہا عالمی ریفرنڈم ہندوستان کے زیر انتظام علاقے پنجاب میں ایک خودمختار وطن خالصتان کو حاصل کرنے کی کوشش ہے۔
گرپتونت سنگھ پنوں نے خط میں کہا کہ ہمیں پختہ یقین ہے کہ سلامتی کونسل میں پاکستان کی قیادت تعمیری بات چیت اور بامعنی قراردادوں کی راہ ہموار کر سکتی ہے۔
گرپتونت سنگھ پنوں نے خط میں مزید یہ بھی کہا کہ ریفرنڈم کے ذریعے خالصتان کے حصول کے لیے سکھ عوام کی تحریک کے لیے پاکستان کی حمایت کشمیر کے موقف کو مزید تقویت دے گی۔

















