Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

وزیراعظم کی ازبک صدر سے اہم ملاقات، باہمی تعاون میں مزید اضافے پر اتفاق

وزیراعظم شہباز شریف اور ازبکستان کے صدر کے درمیان تاشقند میں اہم ملاقات ہوئی، جس میں علاقائی روابط کے فروغ، باہمی تعاون میں مزید اضافے پر اتفاق کیا گیا۔

ملاقات میں دونوں ممالک کے مابین باہمی تعاون بالخصوص تجارت، سیاحت، توانائی، علاقائی روابط اور ثقافتی تعلقات کے مزید فروغ پر گفتگو ہوئی۔

ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے دوطرفہ سفارتی تعلقات کے 33 برس کے دوران باہمی تعاون پر پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے آئندہ چار برس میں پاکستان اور ازبکستان کے مابین تجارت کے حجم کو 4 ارب ڈالر پر پہنچانے کے عزم کا اعادہ کیا۔

اس موقع پر ٹرانزٹ ٹریڈ ایگریمنٹ (2021)، ترجیحی تجارتی معاہدے (2023) پر مؤثر عملدرآمد کرنے کے ساتھ دونوں ممالک نے خصوصی اقتصادی زونز میں سرمایہ کاری، اور پاکستان و ازبکستان کی کاروباری برادری کے مابین تعاون کے فروغ پر اتفاق کیا۔

ملاقات میں ازبکستان-افغانستان-پاکستان ریلوے منصوبے کی کلیدی اہمیت پر اتفاق کرتے ہوئے دونوں ممالک کے اس منصوبے پر عمل درآمد کے عزم کا اعادہ کیا۔

اس موقع پر پاکستان اور ازبکستان کے مابین سیاحت کے فروغ بالخصوص ترمیز، بخارا، لاہور اور کراچی کے مابین اس حوالے سے تعاون پر گفتگو ہوئی جبکہ دونوں رہنماؤں نے عالمی و علاقائی امور پر اپنے مشترکہ خیالات کا اظہار کیا۔

دونوں رہنماؤں نے بین لاقوامی مسائل کے حل کے لیے عالمی تنظیموں بالخصوص اقوام متحدہ کے کردار کو پائیدار ترقی اور عالمی سطح پر امن و سلامتی کے حصول کے لیے فروغ دینے کی اہمیت پر زور دیا۔

ملاقات میں وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان اور ازبکستان کے درمیان تاریخی اور ثقافتی رشتوں کو مزید مستحکم کرنے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان تجارتی اور معاشی تعاون کو بڑھانے کے لیے نئے رستے کھولنے کی ضرورت ہے۔

وزیرِ اعظم نے پاکستان کی جانب سے علاقائی روابط کے شعبے میں مشترکہ منصوبوں پر توجہ مرکوز کرنے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے پاکستان اور ازبکستان کے درمیان مضبوط شراکت داری کو دونوں ممالک اور پورے خطے کی ترقی اور خوشحالی کے لیے فائدہ مند قرار دیا۔

اس موقع پر ازبک صدر شوکت میرزیایوف نے پاکستان کے ساتھ تعلقات کو مزید گہرا کرنے کی خواہش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ خطے میں استحکام اور ترقی کے لیے دونوں ممالک کا باہمی تعاون کلیدی اہمیت کا حامل ہے۔

صدر میرزیایوف نے پاکستان میں حکومت کی معاشی استحکام اور ملکی ترقی کے اقدامات کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ازبکستان پاکستان کے ساتھ تجارتی اور اقتصادی شراکت داری کو نئی بلندیوں تک لے جانے کے لیے پرعزم ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف اور صدر میرزیایوف کی ملاقات کے بعد دونوں ممالک کے وفود کے درمیان اعلیٰ سطحی ملاقات ہوئی، جس میں ملاقات میں نائب وزیرِ اعظم و وزیرِ خارجہ محمد اسحاق ڈار، وزیرِ تجارت جام کمال خان، وزیرِ سرمایہ کاری و نجکاری عبدالعلیم خان، وزیرِ اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ اور معاون خصوصی طارق فاطمی بھی شامل تھے۔

ملاقات میں تجارت، سیاحت، توانائی، تعلیم، ثقافت، علاقائی روابط اور دفاعی شعبوں میں تعاون کو مزید مضبوط کرنے کے حوالے سے موجود استعداد  پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا، اور دونوں ممالک کے وفود نے مشترکہ مفادات کے حصول کے لیے عملی اقدامات پر زور دیا۔

متعلقہ خبریں