کراچی: ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی کے زیر اہتمام نویں اور دسویں جماعت کے سالانہ امتحانات کا آج سے آغاز ہوگیا۔
امتحانات کے دوران ضروری امتحانی سامان کی ترسیل کا عمل بھی جاری ہے جس کے تحت بورڈ کے افسران حب سینٹرز پر امتحانی پرچے پہنچا رہے ہیں۔
نہم و دہم جماعت کے سالانہ امتحانات کیلئے 499 امتحانی مراکز قائم کیے گئے ہیں اور امتحانی مراکز پر دفعہ 144 نافذ کرنے کیلئے متعلقہ اداروں کو آگاہ کردیا گیا ہے۔
3 لاکھ 75 ہزار طلباء و طالبات سائنس و جنرل گروپ ریگولر اور پرائیویٹ کے امتحانات دیں گے جبکہ امتحانی مراکز میں کسی بھی قسم کی ڈیوائس یا موبائل فون ملنے کی صورت میں اسے ضبط کر لیا جائے گا۔
میٹرک بورڈ کے چیئرمین کا کہنا ہے کہ فول پروف انتظامات کے حوالے سے متعلقہ اداروں کو لیٹر جاری کردیا گیا۔
امتحانی مراکز کے اطراف میں فوٹو اسٹیٹ کی مشینیں دوران امتحان بند رہیں گی۔
بعدازاں امتحانات کے دوران کے الیکٹرک سے لوڈشیڈنگ نہ کرنے کی تحریری درخواست کی گئی ہے۔

















