Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

آل ڈمپرز ٹرک ٹرانسپورٹ اونرز ایسوسی ایشن کے صدر کا بڑا اعلان سامنے آ گیا

آل ڈمپرز ٹرک ٹرانسپورٹ اونرز ایسوسی ایشن کے صدر نے احتجاجی کا اعلان کرتے ہوئے 16 اپریل کو ملک بھر کی اہم شاہراہوں پر ہیوی ٹریفک بند کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

 آل ڈمپرز ٹرک ٹرانسپورٹ اونرز ایسوسی ایشن کے صدر لیاقت محسود نے آج پریس کانفرنس کرتے ہوئے حکومت اور متعلقہ اداروں کو خبردار کیا کہ اگر 10 اور 12 اپریل کو کراچی میں سیاسی جماعتوں کی جانب سے احتجاج کیا گیا، تو ایسوسی ایشن بھی 16 اپریل کو ملک بھر کی اہم شاہراہوں پر ہیوی ٹریفک بند کر کے احتجاج کرے گی۔

لیاقت محسود نے کہا کہ حکومت اور متعلقہ ادارے سیاسی جماعتوں کو ٹرانسپورٹرز کے خلاف سیاست کرنے سے روکیں، تاکہ ٹرانسپورٹرز کو مشکلات کا سامنا نہ ہو۔

انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ اگر سیاسی جماعتیں احتجاج کرتی ہیں تو وہ بھی احتجاج کرنے کا حق رکھتے ہیں۔

لیاقت محسود نے مزید بتایا کہ انہوں نے ڈی آئی جی ٹریفک سے ملاقات کی ہے اور گاڑیوں میں کیمرے اور ٹریکر لگانے کے حوالے سے ڈیڈ لائن کے اندر عمل درآمد کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔

لیاقت محسود نے کہا کہ آل ڈمپرز ایسوسی ایشن کے احتجاج میں 15 مختلف ٹرانسپورٹ الائنس حصہ لیں گے۔

انہوں نے سندھ حکومت سے درخواست کی کہ وہ صنعتی علاقوں میں ہیوی ٹریفک کے داخلے کی اجازت دن کے اوقات میں دے تاکہ کاروباری سرگرمیاں متاثر نہ ہوں۔

لیاقت محسود نے عوام سے کہا کہ اگر وہ مشتعل ہو کر ڈمپرز کو نقصان نہ پہنچائیں تو ایسوسی ایشن ان حادثات میں ہونے والے نقصان پر معاوضہ ادا کرے گی۔

 تاہم انہوں نے عوام سے درخواست کی کہ وہ احتجاج میں اشتعال انگیزی سے گریز کریں اور قانون کی پاسداری کریں۔

لیاقت محسود نے کراچی پولیس چیف سے مطالبہ کیا کہ موٹر سائیکل چلانے والے کم عمر بچوں کے خلاف بھی فوری کارروائی کی جائے تاکہ شہر میں ٹریفک حادثات کی تعداد کو کم کیا جا سکے۔

انہوں نے کہا کہ گزشتہ 97 دنوں میں ڈمپرز، ٹریلرز، اور واٹر ٹینکروں کی ٹکر سے 62 افراد جاں بحق ہوئے ہیں، جبکہ اسی عرصے میں دیگر مختلف حادثات میں 249 افراد اپنی زندگی سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں۔

ایسوسی ایشن نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ اس صورتحال کا سنجیدگی سے نوٹس لے اور اس کے حل کے لیے عملی اقدامات کرے۔

متعلقہ خبریں