Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

خضدار اسکول بس حملے میں زخمی مزید 2 طالبات شہید، تعداد 8 ہوگئی

خضدار میں اسکول بس پر بھارتی حمایت یافتہ دہشت گردوں کے حملے میں زخمی ہونے والی مزید دو طالبات شیما اور مسکان دورانِ علاج شہید ہوگئیں۔

سیکیورٹی ذرائع کے مطابق 8 معصوم جانیں فتنہ الہندوستان کی پاکستان میں دہشتگردی کی بھینٹ چڑھ گئیں، حملے میں 7 طالبات اور ایک طالب علم شامل ہیں۔

ذرائع نے بتایا کہ شدید زخمی ہونے والی طالبات شیما ابراہیم اور مسکان دورانِ علاج دم توڑ گئیں جبکہ اس سے قبل چھٹی جماعت کی طالبہ ثانیہ سومرو، ساتویں جماعت کی حفظہ کوثر، دسویں جماعت کی عائشہ سلیم، طالب علم حیدر، طالبات ملائکہ اور سحر سلیم بھی جامِ شہادت نوش کر چکی ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ اس افسوسناک اور بزدلانہ کارروائی کی منصوبہ بندی پاکستان مخالف عناصر کی جانب سے کی گئی، جنہیں بیرونی سرپرستی حاصل ہے۔

سیکیورٹی ذرائع نے مزید کہا کہ ان معصوم بچوں کے خون کا حساب فتنہ الہندوستان اور انکے ہندوستانی آقاؤں سے لیا جائے گا۔

واضح رہے کہ خضدار میں بزدلانہ حملے کے ذمہ داران کے خلاف تحقیقات جاری ہیں جبکہ حکام نے واقعے کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ معصوم جانوں کے ضیاع کا حساب ضرور لیا جائے گا۔

خضدار میں اس حملے کے بعد شدید غم و غصہ پایا جا رہا ہے، تعلیمی اداروں میں سوگ کی فضا ہے اور عوام نے اس واقعے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔

متعلقہ خبریں