Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

روس کے بڑے فضائی حملے؛ یوکرین میں 3 افراد ہلاک، 400 سے زائد ڈرونز اور 40 میزائل استعمال

کیف: روسی افواج نے یوکرین کے دارالحکومت سمیت مختلف شہروں پر بڑے پیمانے پر ڈرون اور میزائل حملے کیے جس کے نتیجے میں کم از کم 3 افراد ہلاک اور 49 زخمی ہوگئے۔

یوکرین کے صدر ولادیمیر زیلنسکی کے مطابق روس نے جمعے کی صبح یوکرین کے دارالحکومت کیف سمیت کئی علاقوں پر بڑے پیمانے پر ڈرون اور میزائل حملے کیے جس کے نتیجے میں کم از کم تین افراد ہلاک اور 49 زخمی ہوگئے۔

زیلنسکی نے بتایا کہ یہ حملے کیف، لوٹسک اور مغربی علاقے ٹرنوپیل میں کیے گئے۔ کیف میں ایک رہائشی عمارت کو نشانہ بنایا گیا جب کہ میٹرو سسٹم بھی متاثر ہوا۔ ہزاروں افراد نے شہر کے زیر زمین شیلٹرز میں پناہ لی۔

روسی وزارت دفاع کا کہنا ہے کہ یہ حملے یوکرین کی جانب سے روسی ایئر بیسز پر حالیہ حملوں کے ردعمل میں کیے گئے اور ان کا ہدف صرف فوجی تنصیبات تھیں۔ وزارت کے مطابق حملے میں 400 سے زائد ڈرون اور 40 سے زائد میزائل استعمال کیے گئے۔

صدر زیلنسکی نے سوشل میڈیا پر بیان میں کہا ’’اب وقت ہے کہ امریکا، یورپ اور دنیا روس پر دباؤ ڈال کر اس جنگ کو روکے‘‘۔

انہوں نے سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ پر بالواسطہ تنقید کرتے ہوئے کہا ’’اگر کوئی دباؤ نہیں ڈال رہا تو وہ جنگ کو لمبا کرنے اور جانوں کے ضیاع کا شریکِ جرم ہے‘‘۔

کیف کے میئر وٹالی کلیچکو کے مطابق دارالحکومت میں چار افراد ہلاک ہوئے جب کہ کئی علاقوں میں مشین گن فائر اور ڈرونز کی آوازیں سنی گئیں۔ شہر میں کئی دھماکوں کے بعد آتشزدگی کے مناظر بھی دیکھے گئے۔

ٹرنوپیل کے حکام نے بتایا کہ یہ اب تک کا سب سے بڑا فضائی حملہ تھا جس میں پانچ افراد زخمی اور متعدد عمارتیں متاثر ہوئیں۔ لوٹسک میں بھی ڈرون اور میزائل حملوں میں پانچ افراد زخمی ہوئے۔

روس کا کہنا ہے کہ اس نے اپنے زیر قبضہ علاقوں اور بحیرہ اسود میں یوکرینی حملے ناکام بنائے اور 174 ڈرونز مار گرائے۔

واضح رہے کہ یہ حملے ایسے وقت ہوئے جب زیلنسکی نے روسی ایئر بیسز پر یوکرین کے سب سے بڑے ڈرون حملے کا دعویٰ کیا تھا جسے ’’اسپائیڈرز ویب آپریشن‘‘ کا نام دیا گیا تھا۔

متعلقہ خبریں