Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

منشیات مافیاز کے خلاف بلاامتیاز اور بھرپور کریک ڈاؤن کیا جائے، فریال تالپور کی ہدایت

چیئرپرسن فریال تالپور کی زیر صدرات قائمہ کمیٹی برائے داخلہ سندھ کا ایک اہم اجلاس منعقد۔

کراچی: قائمہ کمیٹی برائے داخلہ سندھ کے اجلاس میں چیئرپرسن فریال تالپور نے ہدایت کی کہ منشیات مافیاز کے خلاف بلاامتیاز اور بھرپور کریک ڈاؤن کیا جائے۔

قائمہ کمیٹی برائے داخلہ کا ایک اہم اجلاس آج سندھ اسمبلی کراچی میں منعقد ہوا جس کی صدارت چیئرپرسن فریال تالپور نے کی۔ اجلاس میں منشیات، اسٹریٹ کرائم، امن و امان، کچہ آپریشن اور سندھ فرانزک سائنس لیبارٹری سمیت اہم امور پر تفصیلی غور و خوض کیا گیا۔

چیئرپرسن فریال تالپور نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ منشیات ہماری نوجوان نسل کو تباہ کر رہی ہیں، اس کے خلاف معاشرے کے ہر فرد کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔ انہوں نے ہدایت کی کہ پولیس منشیات جیسی لعنت کے خاتمے کے لیے مؤثر اقدامات کرے اور منشیات مافیاز کے خلاف بلاامتیاز اور بھرپور کریک ڈاؤن کیا جائے۔

انہوں نے زور دیا کہ بارڈر ایریاز میں سخت اور منظم چیکنگ کو یقینی بنایا جائے جب کہ رینڈم چیکنگ کا مقصد منشیات کی ترسیل کو روکنا ہونا چاہیے۔ کریک ڈاؤن اس انداز میں کیا جائے کہ منشیات فروشوں کے لیے پولیس خوف کی علامت بن جائے۔

فریال تالپور نے کچہ آپریشن میں سندھ پولیس کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ افسران کی جرات اور بہادری قابل تحسین ہے۔ انہوں نے کہا کہ کچے کے علاقوں میں امن و امان کا قیام، عوام کو پرسکون ماحول کی فراہمی اور بنیادی سہولیات کی بحالی موجودہ حکومت کی ترجیح ہے جس کے لیے تمام ممکنہ اقدامات کیے جائیں گے۔

وزیر داخلہ سندھ نے اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ منشیات مافیاز کے خلاف اسپیڈی ٹرائل کے لیے خصوصی عدالت کے قیام پر کام جاری ہے جس کا مقصد ملزمان کو جلد از جلد مثالی سزائیں دلوانا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ صوبہ بھر میں منشیات کے خلاف کریک ڈاؤن جاری ہے جب کہ بارڈر ایریاز میں اے این ایف، کسٹمز، ایکسائز اور پولیس پر مشتمل مشترکہ کیمپ فعال ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ صدر پاکستان آصف علی زرداری کی ہدایات پر کچہ آپریشن کا آغاز کیا گیا جس کے مثبت نتائج سامنے آئے ہیں۔ ڈاکوؤں اور ان کے سہولت کاروں کے خلاف بھرپور کارروائیاں جاری ہیں اور ان کا تقریباً قلع قمع کیا جاچکا ہے۔ کچے کے علاقوں میں انفراسٹرکچر کی بہتری کے لیے آئندہ سالانہ ترقیاتی پروگرام کے تحت منصوبے شروع کیے جائیں گے۔

وزیر داخلہ سندھ نے نمایاں کارکردگی پر ڈی آئی جی لاڑکانہ ناصر آفتاب، ایس ایس پی سمیع اللہ سومرو، ایس ایس پی کشمور مراد گھانگرو، ایس ایس پی شاہ زیب چاچڑ اور ایس ایس پی گھوٹکی انور کھیتران کے لیے سول ایوارڈز کا اعلان بھی کیا۔

اجلاس میں آئی جی سندھ نے تفصیلی بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ بڑے منشیات کیسز میں 133 ملزمان کو گرفتار کیا گیا جب کہ 145 مقدمات درج کیے گئے۔ درج مقدمات کے تحت 107 ملزمان اس وقت جیل میں ہیں۔

آئی جی سندھ نے کہا کہ منشیات مافیاز کے نیٹ ورک کو باقاعدہ کریک ڈاؤن کے ذریعے توڑا جارہا ہے اور ان کے خلاف آہنی ہاتھوں سے کارروائیاں جاری ہیں۔

انہوں نے مزید بتایا کہ کچے کے علاقوں میں کامیاب کریک ڈاؤن کے نتیجے میں اغوا برائے تاوان کا اس وقت کوئی کیس موجود نہیں، راستے کھلے ہیں اور امن و امان کی صورتحال بہتر ہوچکی ہے جسے برقرار رکھا جائے گا۔

اجلاس میں کمیٹی اراکین نے کچہ آپریشن میں سندھ پولیس کی کارکردگی کو سراہا جب کہ اسپیشل سیکرٹری داخلہ سعید احمد شیخ کی خدمات کو بھی خراج تحسین پیش کیا گیا۔

متعلقہ خبریں