صدر آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے عالمی یوم مزدور کے موقع پر محنت کشوں کو زبردست خراج تحسین پیش کیا ہے۔
صدر آصف علی زرداری نے عالمی یومِ مزدور کے موقع پر پیغام دیتے ہوئے کہا کہ محنت کشوں کی قربانیاں جدید مزدور حقوق کی بنیاد ہیں منصفانہ اجرت اور باوقار حالاتِ کار ہر مزدور کا حق ہیں۔
انہوں نے کہا کہ شکاگو کے مزدوروں کی جدوجہد انسانی وقار کی علامت ہے آٹھ گھنٹے کام، آٹھ گھنٹے آرام اور آٹھ گھنٹے ذاتی وقت کا اصول اہم ہے۔
آصف علی زرداری کے مطابق آئینِ پاکستان 1973 مزدوروں کے حقوق کے تحفظ کا ضامن ہے ریاست استحصال کے خاتمے کے لیے پرعزم ہے پاکستان کے مزدور قومی ترقی کی اصل طاقت ہیں محنت کشوں کا کام صرف روزگار نہیں، ترقی کی بنیاد ہے۔
ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ پاکستان عالمی محنت کے معیارات کی پاسداری جاری رکھے گا جبری مشقت اور بچوں سے مزدوری کا خاتمہ ہماری ترجیح ہے بیرونِ ملک پاکستانی معیشت کے استحکام میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔
صدرِ مملکت نے کہا کہ محفوظ کام کے حالات اور منصفانہ اجرت قومی ترجیح ہے ہر مزدور کے لیے مساوی مواقع فراہم کرنا ضروری ہے انسانی وسائل میں سرمایہ کاری قومی ترقی کی کنجی ہے۔
آصف علی زرداری نے مزید کہا کہ خواتین کی افرادی قوت میں شمولیت کو فروغ دیا جائے گا نوجوانوں کے لیے باوقار روزگار کے مواقع پیدا کیے جا رہے ہیں محنت کی عزت اور استحصال کا خاتمہ ہمارا مشترکہ ہدف ہے مزدوروں کو بااختیار بنانا قومی طاقت کا راستہ ہے پاکستان کے محنت کش معیشت کی بنیاد ہیں، حاشیہ نہیں۔
دوسری جانب عالمی یوم مزدور پر اپنے پیغام میں وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان آج اقوام عالم کے ساتھ ہم آواز ہو کر یوم مزدور نہایت پر عزم انداز میں منا رہا ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ میں مزدوروں کے عالمی دن پر دنیا بھر اور بالخصوص پاکستان کے محنت کشں مزدوروں کو ان کی بے لوث خدمات پر خراج تحسین اور سلام پیش کرتا ہوں مزدور، کسان، کاریگر، فیکٹریوں میں کام کرنے والے اور دیگر محنت کش طبقات کی قربانی اور خاموش استقامت ہی کھیتوں سے کارخانوں تک، تعمیراتی مقامات سے ورکشاپس تک، مقامی گلیوں سے لے کر عالمی سطح تک کارہاۓ زندگی کو رواں دواں رکھتی ہے۔ معاشرے کے یہی بے لوث جفا کش سب سے بڑے اعزاز کے مستحق ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ہم بحیثیت قوم، پاکستانی مزدور کی عزم و ہمت ،مشکلات کو سہنے کا حوصلہ اور زندگی کی سختیوں کا وقار کے ساتھ سامنا کرنے کے مثالی جذبہ کے شاہد ہیں مزدور اور ہنر مند افرادی قوت ہی اندرون و بیرون ملک ہماری قابلیت، محنت اور پیشہ ورانہ مہارت کے آئینہ دار ہیں۔
شہباز شریف نے کہا کہ سمندر پار ہمارے لاکھوں محنت کش قومی صلاحیت اور ملکی اساس کے سفیر ہیں۔ انکی قابلیت اور محنت سے کمائی گئی ایک ایک پائی ہمارے لیے باعث فخر ہےجو دنیا بھر میں عزت کے ساتھ روزی کماتے ہیں اورملکی معاشی استحکام میں قیمتی زرمبادلہ کی صورت میں اپنا بیش قدر حصہ ڈالتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ قوم کے مستقبل کے لیے ان کی یہ قومی خدمت ہمارے دل پہ نقش ہے بیرون ملک روزگار کے حصول کے لیے جانے والے ہم وطنوں کی ہنر مندی اور پیشہ ورانہ استعداد کو بڑھانے کے لیے وفاقی حکومت نے خصوصی اقدامات کئے ہیں وفاقی حکومت نے نیشنل سکلز ڈیویلپمنٹ پالیسی کے تحت ملکی صنعت وحرفت اور تجارت میں ہنر مندی کی مخصوص ضرویات اور جدید عصری تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کے لئے جامع حکمت عملی ترتیب دی ہے۔
وزیراعظم نے اپنے خطاب میں یہ بھی کہا کہ بیرون ملک جانے والے پاکستانیوں کے لئے بالخصوص بین الاقوامی معیار کی تربیت، زبانوں پر عبور اور سرٹیفیکیشن کو یقینی بنایا جا رہا ہے تاکہ ہماری افرادی قوت دنیا میں باعزت طریقے سے اپنا مقام قائم کر سکے قومی ادارے بشمول ایمپلائز اولڈ ایج بینیفٹس انسٹی ٹیوشن (EOBI) اور ورکرز ویلفیئر فنڈ (WWF) مزدوروں اور ان کے خاندانوں کو پنشن، رہائش، تعلیم اور دیگر فلاحی سہولیات فراہم کرنے کے لئے کوشاں ہیں۔
شہباز شریف نے مزید کہا کہ آئیے آج کے دن تجدید عہد کریں کہ وفاقی حکومت اور صوبائی حکومتیں ، اجتماعی اور انفرادی سطح پر تمام افراد، تاجر حضرات، صنعتکار، مزدوروں کے حقوق کا تحفظ کریں گے ہم دست بدعا ہیں کہ پاکستان کے محنت کش یونہی جفاکشی ، مہارت اور نیک نیتی سے ملک کا نام روشن کرتے رہیں اور عزم و ہمت اور قومی وقار کی قابل فخر علامت رہیں۔



















