حکومتِ سندھ نے کاروباری برادری اور عوام کو بڑا ریلیف فراہم کرتے ہوئے تمام دکانوں، مارکیٹس، شاپنگ مالز، ہوٹلز، ریسٹورنٹس کو مقرر کردہ بندش کے اوقات سے استثنیٰ دے دیا۔
سینئر صوبائی وزیر شرجیل انعام میمن کے مطابق فوڈ آؤٹ لیٹس، شادی ہالز اور مارکیز کو بھی مقررہ بندش کے اوقات سے مستثنیٰ کیا گیا ہے اور اب کاروباری مراکز اب سابقہ پابندیوں کے بغیر معمول کے مطابق اپنے اوقاتِ کار جاری رکھ سکیں گے۔
انہوں نے کہا کہ مارکیٹس، ریسٹورنٹس اور شادی ہالز کے لیے مخصوص اوقات توانائی کے تحفظ اور کفایت شعاری پالیسی کے تحت مقرر کیے گئے تھے۔
سینئر صوبائی وزیر نے بتایا کہ سندھ حکومت کاروباری سرگرمیوں کے فروغ، شہری سہولت اور معیشت کے استحکام پر یقین رکھتی ہے تاجروں و صنعتکاروں کی تجاویز اور مشکلات کو مدنظر رکھتے ہوئے یہ فیصلہ کیا گیا ہے تاکہ کاروباری سرگرمیاں متاثر نہ ہوں۔
ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ سندھ حکومت ہمیشہ مشاورت، عوامی مفاد اور زمینی حقائق کو سامنے رکھ کر فیصلے کرتی ہے تاجر ملکی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے حکومت ان کے مسائل کے حل کے لیے ہر ممکن اقدامات جاری رکھے گی۔
شرجیل انعام نے مزید کہا کہ حکومت سندھ نے مشکل معاشی حالات میں بھی عوام اور کاروباری طبقے کے مفادات کا تحفظ یقینی بنایا ہے آئندہ بھی ایسے فیصلے کیے جائیں گے جو معیشت، روزگار اور کاروباری سرگرمیوں کے فروغ میں معاون ثابت ہوں۔



















