وزارت داخلہ پاکستان نے موجودہ مالی سال کے دوران شناختی کارڈ، فیملی رجسٹریشن سرٹیفکیٹ اور دیگر سرکاری دستاویزات کی تیاری و اجرا سے حاصل ہونے والی آمدن کی تفصیلات قومی اسمبلی میں پیش کر دی ہیں جن کے مطابق اس مد میں اربوں روپے وصول کیے گئے۔
تفصیلات کے مطابق دستاویزات کی چھپائی اور اجرا کے ذریعے عوام سے مجموعی طور پر 26 ارب 66 کروڑ روپے سے زائد وصول کیے گئے۔ اسی مدت میں ان دستاویزات کی تیاری پر مجموعی اخراجات 36 ارب 80 کروڑ روپے سے تجاوز کر گئے۔
ایوان میں پیش کی گئی رپورٹ کے مطابق گزشتہ تین برسوں کے دوران خصوصی رعایت کے تحت ہزاروں شہریوں کو مفت سہولیات بھی فراہم کی گئیں۔ وزارت کے مطابق 38 ہزار 159 معذور افراد کو شناختی کارڈ بغیر کسی فیس کے جاری کیے گئے۔
اسی طرح 3 ہزار 70 یتیم بچوں کو بھی رجسٹریشن اور دیگر متعلقہ دستاویزات مفت فراہم کی گئیں تاکہ انہیں سرکاری خدمات تک آسان رسائی حاصل ہو سکے۔



















