پاکستان اور چین کے درمیان جاری تجارت، سرمایہ کاری اور کاروباری تعاون کے فروغ میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔
چین کے شہر گوانگ ژو میں پانچویں پاکستان انویسٹمنٹ اینڈ بزنس انوائرمنٹ ایکسچینج فورم 2026 کا انعقاد ہوا جس میں پاکستان اور چین کے درمیان دوطرفہ تجارت، سرمایہ کاری اور اقتصادی تعاون کے نئے مواقع پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔
اس موقع پر پالیسی مذاکرات، سرمایہ کاری منصوبوں کی پیشکش، صنعتی معاہدوں، بی ٹو بی ملاقاتوں اور مصنوعات کی نمائش کا اہتمام بھی کیا گیا۔ فورم میں الیکٹرک گاڑیوں، بیٹری مینوفیکچرنگ، تعمیراتی سامان، فرنیچر، پائن نٹس اور میڈیکل و بزنس ٹورازم کے شعبوں میں 5 مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کیے گئے۔
اس کے علاوہ پاکستان اور چین کے درمیان سفارتی تعلقات کے 75 سال مکمل ہونے کے موقع پر اقتصادی تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا بھی اعادہ کیا گیا۔
سی پیک کے تحت صنعتی اور انفرااسٹرکچر تعاون کو مزید وسعت دینے کے امکانات بھی فورم میں اجاگر کیے گئے جبکہ توانائی، ای کامرس، تعمیراتی سامان، فرنیچر اور فوڈ پروسیسنگ سمیت مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کے مواقع بھی پیش کیے گئے۔
پاکستان اور چین کے درمیان بڑھتے تجارتی روابط، نئی سرمایہ کاری اور کاروباری شراکت داریاں دونوں ممالک کے اقتصادی تعاون کو نئی جہت دے رہی ہیں۔















