Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

ابوظہبی میں نایاب سفید باز ریکارڈ قیمت پر نیلام، قیمت جان کر ہوش اڑ جائیں گے!

متحدہ عرب امارات میں باز کو طاقت، جرأت اور فخر کی علامت سمجھا جاتا ہے

متحدہ عرب امارات کے دارالحکومت ابوظہبی میں منعقدہ بین الاقوامی نمائش کے دوران ایک انتہائی نایاب سفید باز 15 لاکھ درہم، یعنی تقریباً 4 لاکھ 8 ہزار امریکی ڈالر میں نیلام ہوگیا۔

امریکا کے ایک خصوصی فارم میں پرورش پانے والے اس ’قرموشہ پیور الٹرا وائٹ‘ باز کو رواں سال نیلامی میں فروخت ہونے والا سب سے مہنگا پرندہ قرار دیا گیا ہے۔

 

 نایاب باز کی ریکارڈ فروخت ابوظہبی انٹرنیشنل ہنٹنگ اینڈ ایکوسٹرین ایگزیبیشن میں ہونے والی نیلامی کے پانچویں راؤنڈ کے دوران ہوئی۔

مکمل سفید پروں، نایاب نسل اور شاندار جسمانی خدوخال کے باعث اس باز نے نیلامی میں موجود بولی دہندگان کی خصوصی توجہ حاصل کی۔ بالآخر اسے 15 لاکھ درہم کی خطیر رقم میں فروخت کر دیا گیا۔

اس قیمتی پرندے کی پرورش امریکا کے ایک ایسے خصوصی فارم میں کی گئی ہے جو اعلیٰ نسل کے بازوں کی افزائش کے حوالے سے عالمی شہرت رکھتا ہے۔

ابوظہبی میں جاری اس عالمی نمائش میں متحدہ عرب امارات سمیت دنیا بھر سے بازوں کی افزائش اور دیکھ بھال میں مہارت رکھنے والے 55 سرکردہ فارمز شریک ہیں، جو اس ایونٹ کی عالمی اہمیت کو ظاہر کرتا ہے۔

خلیجی ممالک میں باز کے ذریعے شکار محض ایک کھیل یا شوق نہیں بلکہ صدیوں پر محیط ثقافتی روایت اور ورثے کا اہم حصہ ہے۔ خصوصاً متحدہ عرب امارات میں باز کو طاقت، جرأت اور فخر کی علامت سمجھا جاتا ہے۔

اسی قدیم روایت کو جدید انداز میں آگے بڑھانے اور دنیا بھر کے بہترین بازوں کو ایک پلیٹ فارم پر جمع کرنے کے لیے ابوظہبی میں اس نوعیت کی بین الاقوامی نمائشیں منعقد کی جاتی ہیں۔

نایاب سفید باز کی 4 لاکھ 8 ہزار ڈالر میں ریکارڈ فروخت خلیجی خطے میں بازوں سے وابستہ گہری ثقافتی وابستگی اور شاہانہ ذوق کی ایک نمایاں مثال بن گئی ہے۔

متعلقہ خبریں