Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

نورستان میں مداخلت کا الزام مسترد، طالبان حکومت دہشت گردوں کے خلاف کارروائی کرے، پاکستان

طالبان حکومت کی جانب سے پاکستان پر دہشت گردی کی حمایت کے الزامات باعثِ تعجب ہیں

پاکستان نے نورستان سے متعلق افغان طالبان حکومت کے الزامات بے بنیاد قرار دیتے ہوئے مسترد کردیے اور کہا ہے کہ پاکستان کا افغانستان میں کسی بھی اندرونی جھڑپ سے کوئی تعلق نہیں۔

وزارت اطلاعات و نشریات کے مطابق پاکستانی سیکیورٹی فورسز اور انٹیلی جنس اداروں کے ملوث ہونے کے الزامات من گھڑت ہیں، جبکہ سابق افغان اہلکاروں کی بھرتی یا تربیت اور داعش سمیت کسی بھی دہشت گرد گروہ کی سہولت کاری کے دعووں میں بھی کوئی صداقت نہیں۔

وزارت اطلاعات کا کہنا ہے کہ پاکستان کے ملوث ہونے کا کوئی قابلِ تصدیق ثبوت پیش نہیں کیا گیا، نہ ہی ان الزامات کے حق میں کسی کی شناخت، دستاویزات، مواصلاتی ریکارڈ یا فرانزک شواہد فراہم کیے گئے ہیں۔ سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی مبینہ ویڈیو بھی پاکستان سے کسی تعلق کو ثابت نہیں کرتی۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ اقوام متحدہ کی مسلسل رپورٹس افغانستان میں دہشت گرد تنظیموں کی موجودگی اور سرگرمیوں کی نشاندہی کرتی ہیں، جبکہ افغان سرزمین پر سرگرم دہشت گرد گروہ پاکستان اور پورے خطے کی سلامتی کے لیے خطرہ ہیں۔

وزارت اطلاعات کے مطابق دہشت گردوں کو پناہ دینے والی طالبان حکومت کی جانب سے پاکستان پر دہشت گردی کی حمایت کے الزامات باعثِ تعجب ہیں۔ طالبان حکومت کو اپنے داخلی سلامتی کے مسائل کی ذمہ داری پاکستان پر ڈالنے کے بجائے دہشت گرد تنظیموں کے خلاف قابلِ تصدیق کارروائی کرنی چاہیے۔

پاکستان نے افغان طالبان حکومت پر زور دیا ہے کہ وہ افغان سرزمین پاکستان یا کسی دوسرے ملک کے خلاف دہشت گردی کے لیے استعمال نہ ہونے دینے کے اپنے وعدے کی پاسداری کرے۔

وزارت اطلاعات نے مزید کہا کہ غیر شمولیتی اور غیر نمائندہ طالبان حکومت کے ایسے بے بنیاد دعوے داخلی اختلافِ رائے اور خواتین، بچوں اور اقلیتوں پر جبر سے توجہ ہٹانے کی کوششوں کے بھی عکاس ہیں۔

متعلقہ خبریں