Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

ٹی وی دیکھتے ہوئے کھانا کھانے سے کیوں منع کیا جاتا ہے؟ ماہرین کا حیران کن انکشاف

ٹی وی کے سامنے بیٹھ کر کھانا کھانے اور بچوں میں موٹاپے کے بڑھتے ہوئے خطرے کے درمیان بھی تعلق پایا گیا ہے

فی زمانہ لوگ اسکرین نے اتنے عادی ہوچکے ہیں کہ کھانے کھاتے وقت بھی وہ اسی کے سامنے بیٹھے رہتے ہیں تاہم امریکا میں ہونے والی ایک تحقیق میں خبردار کیا گیا ہے کہ ٹیلی ویژن دیکھتے ہوئے کھانا کھانے سے انسانی صحت پر منفی اثرات مرتب ہوسکتے ہیں، اس لیے ماہرین نے کھانے کے دوران ٹی وی دیکھنے سے گریز کرنے کی تاکید کی ہے، خصوصاً رات کا کھانا ٹی وی سے دور بیٹھ کر کھانے کا مشورہ دیا گیا ہے۔

امریکی ماہرین نے ’اوپیٹیٹ‘ ورکشاپ کے دوران اس حوالے سے تحقیق کی، جس میں یہ جائزہ لیا گیا کہ کھانے کے دوران ٹی وی دیکھنے سے خاندان کے افراد کی خوراک اور صحت پر کس قسم کے اثرات مرتب ہوتے ہیں۔

ماہرین صحت کے مطابق یہ صورتحال ان خاندانوں پر بھی لاگو ہوتی ہے جو کھانا کھاتے وقت اپنی توجہ کھانے کے بجائے ٹیلی ویژن کی اسکرین پر مرکوز رکھتے ہیں۔ اس طرح کھانے کے دوران ان کی توجہ کم اور ٹی وی پر دھیان زیادہ ہوجاتا ہے۔

تحقیقی ٹیم کی سربراہ امانڈا ٹروفھولز نے اپنے ایک ای میل پیغام میں کہا کہ بچوں کی صحت کے حوالے سے بھی خاندانوں کو کھانے کے دوران غیر ضروری سرگرمیوں سے دور رہنا چاہیے۔ ان کے مطابق والدین کھانے کے وقت کو بچوں کو یہ سمجھانے کے لیے استعمال کرسکتے ہیں کہ ان کی صحت کے لیے کتنی مقدار میں کھانا ضروری ہے۔

یہ بھی پڑھیں: وہ فلمیں اور ٹی وی شوز جنہوں نے مستقبل کی حیران کن پیش گوئیاں کیں

امریکی محققہ امانڈا ٹروفھولز کا کہنا ہے کہ جب پورا خاندان ٹیلی ویژن کے سامنے بیٹھ کر کھانا کھاتا ہے تو افراد کے درمیان باہمی رابطے اور گفتگو کے مواقع کم ہوجاتے ہیں۔ ان کے مطابق کھانے کے دوران ٹی وی اسکرین پر توجہ مرکوز رکھنے سے کھانے کے صحت پر مرتب ہونے والے مثبت اثرات بھی متاثر ہوسکتے ہیں۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ ٹی وی کے سامنے بیٹھ کر کھانا کھانے اور بچوں میں موٹاپے کے بڑھتے ہوئے خطرے کے درمیان بھی تعلق پایا گیا ہے۔ تحقیق کے دوران 120 خاندانوں کا ڈیٹا جمع کیا گیا، جن میں شامل بچوں کی عمریں 6 سے 12 سال کے درمیان تھیں۔

تحقیق میں یہ جاننے کی کوشش کی گئی کہ آیا یہ خاندان کھانا کھاتے ہوئے ٹیلی ویژن دیکھتے ہیں اور کھانے کے دوران ٹی وی دیکھنے سے صحت پر کس قسم کے اثرات مرتب ہوتے ہیں۔

تحقیق کے مطابق جو افراد ٹی وی سے دور بیٹھ کر کھانا کھاتے ہیں، وہ اپنی توجہ زیادہ تر کھانے پر مرکوز رکھتے ہیں، جبکہ ٹی وی دیکھتے ہوئے کھانا کھانے والے افراد کی توجہ کھانے کے بجائے اسکرین پر رہتی ہے۔ اس صورتحال میں انہیں اس بات کا اندازہ نہیں ہوپاتا کہ انہوں نے کتنی مقدار میں کھانا کھایا ہے، جس کے نتیجے میں ضرورت سے زیادہ کھانے کا امکان بڑھ سکتا ہے۔

ماہرین نے خاندانوں پر زور دیا ہے کہ کھانے کے اوقات کو ٹیلی ویژن اور دیگر غیر ضروری مشاغل سے پاک رکھا جائے تاکہ افراد نہ صرف اپنی خوراک پر بہتر توجہ دے سکیں بلکہ خاندان کے افراد کے درمیان باہمی گفتگو اور تعلق بھی مضبوط ہوسکے۔