مسلم لیگ (ن) کے صدر نواز شریف نے کہا ہے کہ خیبرپختونخوا میں امن و امان کی صورتحال خراب ہونے کے باعث ایمرجنسی کا نفاذ ضروری تھا اور یہ فیصلہ پہلے ہی کرلیا جانا چاہیے تھا۔
نواز شریف کا کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا میں حالات قابو سے باہر ہورہے تھے، اس لیے ایمرجنسی کے نفاذ کا فیصلہ پہلے ہونا چاہیے تھا۔
مسلم لیگ (ن) کے صدر نے تحریک انصاف کی صوبائی حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ 13 سال کے دوران پارٹی نے خیبرپختونخوا کو نقصان پہنچایا۔ اب صوبے کے عوام تحریک انصاف کی حکومت سے آزاد ہوگئے ہیں۔
انہوں نے سوال اٹھایا کہ دنیا کے کس ملک میں وزیراعلیٰ سرکاری وسائل استعمال کرتے ہوئے وفاقی دارالحکومت پر حملہ کرتا ہے؟، صوبائی وسائل کو اسلام آباد اور دوسرے صوبوں کے خلاف استعمال کرنا کہاں کا طریقہ ہے۔
نواز شریف نے مزید کہا کہ ان کی جماعت پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کے لیے پُرعزم ہے۔ وفاقی اور صوبائی حکومتیں عام آدمی کی بہتری کے لیے کوششیں کررہی ہیں۔















