کاکول: کمانڈر نیشنل اسٹریٹجک کمانڈ جنرل سید عامر رضا نے کہا ہے کہ افواج پاکستان نے ہر شعبےمیں اپنا لوہا منوایا، پاکستان کی افواج ملک کے چپے چپے کی حفاظت کیلئے ہر وقت تیار ہیں۔
جنرل سید عامر رضا نے پاکستان ملٹری اکیڈمی (پی ایم اے) کاکول میں پاسنگ آؤٹ پریڈ کی پروقار تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ خطے میں حالیہ کشیدگی کے دوران پاکستان نے عالمی سطح پر مثبت کردار ادا کیا، کشیدگی میں کمی کے لیے پاکستان کی ثالثی کی کوششوں کو دنیا بھر نے دیکھا ہے۔
انہوں نے فلسطین کی صورتحال پر بات کرتے ہوئے کہا کہ وہاں انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں بند ہونی چاہئیں۔ مسئلہ کشمیر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق حل طلب ہے۔
کمانڈر نیشنل اسٹریٹجک کمانڈ نے کہا کہ ہمارے بہادر جوان وطن کے تحفظ کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کر رہے ہیں جبکہ افواج پاکستان نے ہر شعبے میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا ہے۔
انکا کہنا تھا کہ دیانت داری، بہادری اور جرات کامیاب قیادت کے بنیادی اصول ہیں۔ کیڈٹس کو پیشہ ورانہ زندگی میں درپیش چیلنجز کا بہادری سے مقابلہ کرنا چاہیے اور ملکی سلامتی میں اپنا بھرپور کردار ادا کرنا چاہیے۔
جنرل سید عامر رضا نے خواتین کیڈٹس کی شرکت کو باعثِ فخر قرار دیتے ہوئے کہا کہ ملک کی سلامتی، وقار اور تحفظ کی بھاری ذمہ داری اب ان کے کندھوں پر ہے۔

















