Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

سوشل میڈیا پر مبینہ جھوٹے پروپیگنڈے کے خلاف فیصل ندیم کی این سی سی آئی اے میں درخواست دائر

فیصل ندیم نے کہا کہ جھوٹا پروپیگنڈا کرنے والوں کو قانونی کارروائی کا سامنا کرنا پڑے گا

کراچی: مرکزی مسلم لیگ سندھ کے صدر فیصل ندیم نے سوشل میڈیا پر مبینہ جھوٹے اور بے بنیاد پروپیگنڈے کے خلاف نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) میں درخواست دائر کردی۔

درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ ایک نجی ٹی وی چینل کے انداز میں مصنوعی ذہانت کے ذریعے تیار کردہ خبر میں کسی دوسری جماعت کے رہنما کا نام اور فیصل ندیم کی تصویر استعمال کرکے سنگین الزامات عائد کیے گئے۔

درخواست میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ معاملے کی شفاف تحقیقات کی جائیں اور ملوث عناصر کے خلاف قانونی کارروائی کرتے ہوئے انہیں قانون کے کٹہرے میں لایا جائے۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے فیصل ندیم نے کہا کہ پاکستان سے محبت، نظریۂ توحید کی دعوت اور پاک سعودی دوستی کی تحسین کے باعث میرے خلاف پروپیگنڈا پھیلایا جا رہا ہے۔ جھوٹے الزامات اور منفی مہم کے ذریعے حق کی آواز دبانے کی کوششیں کامیاب نہیں ہوں گی۔

انہوں نے کہا کہ توحید کی صدا بلند ہوتی رہے گی، نبی کریم ﷺ کی سنت و سیرت کا پیغام عام ہوتا رہے گا، اہل بیت اطہار اور صحابہ کرام رضوان اللہ علیہم اجمعین کی عظمت بیان کرتے رہیں گے، جبکہ پاک سعودی دوستی کی تحسین اور تحفظِ حرمین شریفین کا پرچم بھی پوری استقامت کے ساتھ بلند کرتے رہیں گے۔

فیصل ندیم نے کہا کہ جھوٹا پروپیگنڈا کرنے والوں کو قانونی کارروائی کا سامنا کرنا پڑے گا۔ ہم اپنے مؤقف پر قائم ہیں اور ان شاء اللہ حق کی آواز بلند کرنے کا سلسلہ جاری رکھیں گے۔

متعلقہ خبریں