سیکیورٹی فورسز نے شمالی وزیرستان میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران دہشت گردوں کے دو ٹھکانوں کو تباہ کردیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے 8 نومبر کو شمالی وزیرستان کے علاقے میر علی کے جنوبی نواحی گاؤں موزک میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا۔
آپریشن کے دوران بھارتی پراکسی فتنۃ الخوارج کے مسلح عناصر کے زیر استعمال دو ٹھکانوں کو کلیئر کیا گیا، دونوں ٹھکانے مساجد میں قائم کیے گئے تھے جہاں دھماکہ خیز مواد ذخیرہ کیا گیا تھا۔
آئی ایس پی آر نے بتایا کہ کارروائی کے دوران بڑی تعداد میں تیار شدہ دیسی ساختہ دھماکہ خیز آلات، دھماکہ خیز مواد تیار کرنے کا سامان، اسلحہ اور گولہ بارود برآمد کیا گیا۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ دہشت گردوں نے مساجد میں دھماکہ خیز مواد ذخیرہ کرنے کے ساتھ تشدد کے مراکز بھی قائم کر رکھے تھے، مساجد کو دہشت گردی کے مقاصد کے لیے استعمال کرنا فتنۃ الخوارج کی جانب سے شعائرِ اسلام کی صریح بے حرمتی ہے۔
ترجمان پاک فوج کے مطابق افغان طالبان کی معاونت سے سرگرم عناصر اسلام کی بنیادی تعلیمات سے کوئی تعلق نہیں رکھتے، اسلام کی عظیم تعلیمات کی خودمختاری تشریح کو خیبرپختونخوا اور پاکستان کے عوام مسترد کرتے ہیں۔
آئی ایس پی آر نے بتایا کہ علاقے میں ممکنہ بھارتی اسپانسرڈ دہشت گردوں کے دیگر ٹھکانوں کے خاتمے کے لیے سیکیورٹی فورسز کا کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ وفاقی ایپکس کمیٹی کے وژن ’’عزمِ استحکام‘‘ کے تحت انسداد دہشت گردی کی کارروائیاں پوری رفتار سے جاری رکھنے کا عزم ہے۔ ملک سے بیرونی اسپانسرڈ دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کارروائیاں جاری رہیں گی۔














