پاکستان اور قطر کی سفارتی کوششوں کے نتیجے میں ایران اور امریکا کے درمیان مذاکرات کی راہ ہموار ہونے لگی ہے۔ عرب میڈیا ادارے العربیہ کے مطابق دونوں ممالک کے درمیان ایران کے جوہری پروگرام اور خطے کی کشیدہ صورتحال پر ابتدائی معاہدہ متوقع ہے۔
العربیہ نے دعویٰ کیا ہے کہ مجوزہ معاہدے میں ایران کی جانب سے یورینیم افزودگی کی سطح کم کرنے پر اتفاق متوقع ہے جبکہ امریکا نے ایران سے 60 فیصد تک افزودہ یورینیم کی سطح کم کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔
رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ معاہدے کی صورت میں امریکا ایران کے منجمد 6 سے 9 ارب ڈالر کے اثاثے جاری کر دے گا۔
مجوزہ فریم ورک کے تحت آبنائے ہرمز کو بھی بحری آمدورفت کے لیے کھول دیا جائے گا جبکہ معاہدہ طے پانے پر امریکا اپنی بحری ناکہ بندی فوری طور پر ختم کر دے گا۔
تاہم ان پیش رفتوں اور مجوزہ معاہدے سے متعلق دعوؤں کی باضابطہ تصدیق سامنے آنا ابھی باقی ہے۔




















