بھارتی تاریخ کی بدترین انتخابی دھاندلی سامنے آگئی جہاں نظرثانی کی آڑ میں ووٹر لسٹوں سے 13 کروڑ سے زائد ووٹرز کو غیر قانونی طور پر خارج کردیا گیا۔
رائٹرز کے مطابق اس منظم سیاسی و انتخابی دھاندلی کا سب سے بڑا اور براہِ راست نشانہ بھارت کی سب سے بڑی اقلیت مسلمانوں کو بنایا گیا ہے مغربی بنگال میں ریاستی انتخابات سے قبل تقریباً 90 لاکھ ووٹرز کو انتخابی فہرستوں سے بے رحمی سے نکال پھینکا گیا، حذف کیے گئے ووٹرز میں سے 70 فیصد کا تعلق صرف مسلمانوں سے تھا، جو کھلی مسلم دشمنی کا ثبوت ہے بی جے پی نے بدترین انتخابی انجینئرنگ سے پہلی بار مغربی بنگال کا کنٹرول ہتھیا لیا۔

رائٹرز کے مطابق بھارتی وزیر داخلہ امیت شاہ نے 5 نومبر کو ہریانہ میں ڈھٹائی سے اعتراف کیا کہ حکومت کا ہدف ووٹرز لسٹوں سے نام نکال کر شہریوں کو ملک بدر کرنا ہے بھارتی وزارتِ داخلہ، وزیرِاعظم آفس اور الیکشن کمیشن رائٹرز کے سوالات پر خاموش رہے بھارتی قانون کے مطابق ووٹر فہرست سے اخراج کسی کے غیر ملکی ہونے کا ثبوت نہیں۔

صبر انسٹی ٹیوٹ کے بانی صابر کا کہنا ہے کہ “ووٹر فہرستوں سے ناموں کے اخراج نے مغربی بنگال کے انتخابی نتائج میں بڑا کردار ادا کیا۔”

عدالتی دستاویزات کے مطابق ممبئی پولیس کی ایک ہی کارروائی میں 149 افراد کو بنگلہ دیشی قرار دے کر ملک بدر کر دیا گیا۔
ممبئی کی 38 سالہ شاہدہ فقیر کو بھارتی شناخت اور شہریت کے تمام دستاویزی شواہد ہونے کے باوجود زبردستی بنگلہ دیش دھکیل دیا گیا۔ شاہدہ کے والدین اور آباواجداد کے نام 1952ء سے مغربی بنگال کے سوروپ نگر کی ووٹر لسٹوں میں درج چلے آ رہے ہیں جبکہ شاہدہ 2008ء سے باقاعدگی کے ساتھ مغربی بنگال کی انتخابی فہرستوں کا حصہ رہی ہیں ممبئی کے غیر ملکیوں کے علاقائی رجسٹریشن آفس نے عدالت میں جھوٹا دعویٰ کیا کہ شاہدہ نے تفتیش کے دوران بنگلہ دیشی پیدایشی سرٹیفکیٹ پیش کیا تھا۔

اسی طرح چھتیس گڑھ میں مزدور برتن فروش ناصر الدین شیخ کو بھی ووٹر لسٹ سے نام غائب ہونے پر پولیس نے غیر قانونی طور پر حراست میں لے لیا ناصر الدین شیخ اور دیگر افراد کی اپیلیں خصوصی ٹریبونلز میں زیرِ التوا ہونے کے باوجود انہیں جبراً حراست میں رکھا گیا۔

حراستی مراکز میں قیدیوں کے لازمی طبی معائنے اور بائیو میٹرک رجسٹریشن کے نام پر انسانی حقوق کی کھلم کھلا دھجیاں اڑائی جاتی ہیں مرشد آباد مستقل حراستی کیمپ کے باہر روتے بلکتے خاندانوں کے مناظر ریاستی جبر اور ظلم کی منہ بولتی تصویر ہیں بھارتی قانون کے مطابق ووٹر فہرست سے اخراج کسی کے غیر ملکی ہونے کا ثبوت نہیں ہے۔

دوسری جانب انسانی حقوق کے کارکن کیرتی رائے کا کہنا ہے کہ نظرثانی اپیلوں کے لیے ٹریبونلز انتہائی سست روی کا شکار ہیں، لاکھوں افراد انصاف کے منتظر ہیں اور لوگ شدید مایوسی کا شکار ہیں۔

سیاسی ماہرین کے مطابق بھارت مسلمانوں کو بنگلہ دیش میں جبری دھکیلنے سے انسانی المیے جنم لے رہے ہیں بنگلہ دیش کی بارہا سفارتی کوشش کے باوجود بھارتی حکومت اسے سیاسی بلیک میلنگ کے لیے استعمال کر رہی ہے۔
انسانی حقوق تنظیموں کا کہنا ہے کہ 2014 میں مودی کی ہندو قوم پرست جماعت بی جے پی کے اقتدار میں آنے کے بعد سے مسلمانوں کو امتیازی پالیسیوں کا سامنا ہے۔


















