حق گوئی، اصول پسندی اور آزادی اظہار کے لیے زندگی وقف کرنے والے سینئر صحافی اور معروف انسانی حقوق کے کارکن حسین نقی 88 برس کی عمر میں لاہور میں انتقال کر گئے۔ ان کے انتقال سے صحافت ایک ایسی توانا آواز سے محروم ہوگئی جس نے ہر دور میں سچ کا ساتھ دیا اور اپنے اصولوں پر سمجھوتہ نہیں کیا۔
اہلِ خانہ کے مطابق حسین نقی نے لاہور میں آخری سانس لی۔ مرحوم کی نمازِ جنازہ آج دوپہر ساڑھے 12 بجے جامعہ المنتظر، ماڈل ٹاؤن لاہور میں ادا کی گئی۔
حسین نقی کے انتقال کی خبر پر سیاسی، صحافتی اور انسانی حقوق کے حلقوں میں افسوس کی لہر دوڑ گئی۔ صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیر اعظم شہباز شریف نے بھی ان کے انتقال پر گہرے دکھ اور رنج کا اظہار کیا ہے۔
صدر مملکت نے اپنے تعزیتی پیغام میں کہا کہ حسین نقی نے اپنی پوری زندگی صحافت، آزادی اظہار اور انسانی حقوق کے تحفظ کے لیے وقف کیے رکھی۔ جمہوری اقدار کے فروغ اور صحافتی آزادی کے لیے ان کی خدمات قابلِ قدر ہیں اور انہیں ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ انہوں نے مرحوم کے اہلِ خانہ سے دلی ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے ان کی مغفرت کے لیے دعا بھی کی۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے اپنے پیغام میں کہا کہ حسین نقی کا انتقال صحافت اور جمہوریت کے لیے ایک بڑا نقصان ہے، ان کے جانے سے صحافت اور جمہوریت کا ایک روشن باب بند ہوگیا ہے۔
وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ حسین نقی ایسے صحافی تھے جنہوں نے اپنے اصولوں سے کبھی انحراف نہیں کیا اور آزادی اظہار، جمہوری روایات اور انسانی حقوق کے لیے پوری زندگی بے خوف ہوکر آواز بلند کرتے رہے۔
شہباز شریف نے سوگوار خاندان، صحافتی برادری اور انسانی حقوق کی تنظیموں سے تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور لواحقین کو یہ ناقابلِ تلافی صدمہ برداشت کرنے کی ہمت دے۔
حسین نقی کی زندگی اس عزم کی علامت رہی کہ صحافت محض خبر دینے کا نام نہیں بلکہ سچائی، عوامی حقوق اور جمہوری آزادیوں کے دفاع کی ذمہ داری بھی ہے۔ ان کی جدوجہد اور اصول پسندی آنے والی نسلوں کے صحافیوں کے لیے ایک مثال کے طور پر یاد رکھی جائے گی۔

















