Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

پاکستان میں 14 ویں ساؤتھ ایشین گیمز کی نئی تاریخوں کا اعلان کر دیا گیا

شیڈول میں تبدیلی ایشین انڈور اینڈ مارشل آرٹس گیمز کی تاریخوں میں ردوبدل کے باعث کی گئی

پاکستان میں 14ویں ساؤتھ ایشین گیمز کے انعقاد کی نئی تاریخوں کا اعلان کردیا گیا، ایونٹ 18 سے 27 ستمبر 2027 تک پاکستان میں منعقد ہوگا۔

پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کے مطابق ساؤتھ ایشین گیمز کی نئی تاریخوں پر جنوبی ایشیا کی تمام قومی اولمپک کمیٹیوں نے اتفاق کیا ہے، گیمز کے شیڈول میں تبدیلی ایشین انڈور اینڈ مارشل آرٹس گیمز کی تاریخوں میں ردوبدل کے باعث کی گئی۔

پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کا کہنا ہے کہ تاریخوں میں تبدیلی کا مقصد کھلاڑیوں کی فلاح و بہبود کو یقینی بنانا اور انہیں دونوں ایونٹس میں شرکت کے بہتر مواقع فراہم کرنا ہے۔

جنوبی ایشیا کی قومی اولمپک کمیٹیوں نے ساؤتھ ایشین گیمز کے کامیاب انعقاد کے لیے پاکستان کے منتظمین اور کھیلوں سے وابستہ افراد کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا ہے۔

پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن نے ستمبر 2027 میں جنوبی ایشیا کے کھلاڑیوں، عہدیداروں اور مختلف وفود کی میزبانی کے لیے اپنی تیاری اور عزم کا اعادہ کیا ہے۔

متعلقہ خبریں