ایمازون کے جنگلات میں 31 روز تک لاپتہ رہنے والے بولیوین شہری کو 31 روز بعد بلآخر تلاش کر لیا گیا۔
30 سالہ جوناتھن دوستوں کے ہمراہ شمالی بولیویا کے ایمازوں جنگلات میں شکار کیلئے گئے تھے جب وہ دوستوں سے جدا ہوکر جنگل میں لاپتہ ہو گئے جس کے بعد ان کے دوستوں نے مقامی لوگوں اور پولیس کی مدد سے اپنے لاپتہ دوست کی تلاش کا کام شروع کیا اور بلآخر 31 روز کی مسلسل کوششوں کے بعد انہیں تلاش کر لیا گیا۔
ویڈیو دیکھیں:
برطانوی نشریاتی ادارے کو انٹرویو دیتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ میں بیان بھی نہیں کر سکتا کہ ان 31 دنوں کے دوران زندہ رہنے کیلئے کتنے جتن کرنے پڑے ہیں، زندہ رہنے کیلئے اپنے جوتوں میں بارش کا پانی جمع کر کے پیتا تھا اور جنگل کے کیڑے کھانے پر مجبور ہو گیا تھا۔

انہوں نے بتایا کہ جنگل میں گزرے 31 دنوں کے دوران کئی بار چیتے سمیت دیگر خطرناک جنگلی جانوروں سے سامنا ہوا اور جنگلی سوؤروں کی ایک ٹولی سے بچنے کیلئے اپنے پاس بچنے والا آخری راؤنڈ بھی فائر کر دیا تھا۔
مقامی لوگوں کی ایک ٹیم نے گھنے جنگل میں 300 میٹر اندر انہیں تلاش کرلیا، وہ چیختے ہوئے تلاش کرنے والی ٹیم کی توجہ اپنی جانب مبذول کروانے کے ساتھ لنگڑاتے ہوئے ان کی جانب بڑھ رہے تھے۔