Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

12 برس کا دکھائی دینے والا 40 سالہ چینی اداکار

ہو ژیانگ نامی یہ چینی اداکار اپنی غیر معمولی طور پر جواں دکھائی دینے کی وجہ سے چین میں ’’ایج لیس‘‘ کہلاتے ہیں

دنیا میں ایسے افراد کی کمی نہیں ہے جو اپنی حقیقی عمر سے انتہائی کم دکھائی دیتے ہیں تاہم چین سے تعلق رکنے والے ان اداکار کے بارے کہا جاتا ہے کہ 9 برس کے بعد گویا ان کی عمر بڑھی ہی نہیں۔

ہو ژیانگ نامی یہ چینی اداکار اپنی غیر معمولی طور پر جواں دکھائی دینے کی وجہ سے چین میں ’’ایج لیس‘‘ کہلاتے ہیں۔

40  سالہ اداکار اپنی شکل و صورت اور سراپے کی وجہ سے بمشکل 12 برس کے نظر آتے ہیں۔ اسی وجہ سے انھیں چین کا بینجمن بٹن بھی کہاجاتا ہے کیونکہ طبی وجوہات کی بنا پر ان کی جسمانی نشوونما بچپن ہی میں رک گئی تھی۔

حال ہی میں ہو ژیانگ اور ان کی اہلیہ کی تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل ہوئیں جنہیں دیکھ کر صارفین نے مذاق کرتے ہوئے کہا کہ یہ جوڑا ماں اور بیٹے جیسا لگتا ہے تاہم ہو ژیانگ نے اس تنقید کو سنجیدگی سے نہیں لیا کیونکہ وہ اس طرح کے تبصروں کے عادی ہیں۔

چینی میڈیا کے مطابق ہو ژیانگ قبل از وقت پیدا ہوئے تھے کیونکہ ان کی والدہ حمل کے دوران غذائی قلت کا شکار تھیں۔ اس وجہ سے وہ ہمیشہ اپنی عمر کے دوسرے بچوں سے چھوٹے دکھائی دیتے تھے 9 سال کی عمر میں ان کی جسمانی نشوونما رک گئی اور وہ ہمیشہ ایک کم عمر لڑکے جیسے نظر آنے لگے۔

ہو ژیانگ نے اپنی عمر سے کئی برس چھوٹے دکھائی دینے کے باوجود اداکاری کے خواب کو ترک نہیں کیا۔خاندان کی حمایت کے ساتھ انہوں نے 2005 میں مزاحیہ ڈرامہ ’’ہوم ود کڈز‘‘ میں ایک پرائمری اسکول کے طالبعلم کا کردار ادا کرکے شہرت حاصل کی۔ اس وقت ان کی عمر 19 سال تھی۔

بعد ازاں وہ متعدد مقبول چینی ڈراموں میں نظر آئے جہاں انہوں نے اکثر کم عمر کردار نبھائے ہدایتکاروں نے ہو ژیانگ کی اداکاری اور ہدایات پر عمل کرنے کی صلاحیت کی تعریف کی جو بچوں میں کم دیکھی جاتی ہے۔

 اداکار نے اعتراف کیا کہ بچوں جیسی شکل اور آواز کی وجہ سے انہیں کرداروں کی محدود اقسام ہی ملتی ہیں لیکن وہ ہر کردار کو بہترین انداز میں نبھانے کی کوشش کرتے ہیں۔

ہو ژیانگ کے مطابق میرے لیے ایسا اسکرپٹ اور کردار تلاش کرنا آسان نہیں جسے میں واقعی پسند کروں۔ لیکن میں چاہتا ہوں کہ جو کردار مجھے ملے، میں انہیں مکمل مہارت سے ادا کروں۔ ایک اداکار کے لیے یہ بھی کامیابی کی ایک شکل ہے۔

انہوں نے ہمیشہ اپنی اہلیہ کے ساتھ سادہ اور پرسکون زندگی گزاری ہے اور وہ شہرت کے بجائے اپنے خاندان اور اداکاری پر توجہ دیتے ہیں۔

متعلقہ خبریں

Exit mobile version