پاکستان کی فضائی تاریخ کے پراسرار ترین واقعات میں شامل پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز (پی آئی ای) کی پرواز پی کے 404 کے لاپتہ ہونے کے 37 سال بعد ایک پاکستانی نوجوان نے طیارے کے ممکنہ ملبے کا سراغ لگانے کا دعویٰ کردیا ہے۔
پاکستانی نوجوان صبیح علی راجپوت کے مطابق لاپتہ فوکر طیارے کا ممکنہ ملبہ تاجکستان میں واخان کے قریب ایک پہاڑ کی چوٹی پر موجود ہے۔ انہوں نے گوگل ارتھ اور سیٹلائٹ تصاویر کی مدد سے طویل تحقیق کے بعد دشوار گزار اور آبادی سے دور پہاڑی مقام پر طیارے کے ممکنہ ملبے کی نشاندہی کی ہے۔
صبیح علی راجپوت کا کہنا ہے کہ انہوں نے طیارے کے فیول ٹینکس میں موجود ایندھن کو مدنظر رکھتے ہوئے تحقیق کا آغاز کیا اور جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے 37 سال پرانے فضائی معمہ کا سراغ لگانے کی کوشش کی۔
ان کے مطابق طیارے نے ممکنہ طور پر خراب موسم کے باعث گلگت واپس جانے کی کوشش کی ہوگی، تاہم یہ طیارہ تاجکستان تک کیسے پہنچا، اس بارے میں حتمی رائے ماہرینِ ہوابازی ہی دے سکتے ہیں۔
واضح رہے کہ پی آئی اے کی پرواز پی کے 404 نے 25 اگست کی صبح گلگت سے اسلام آباد کے لیے اڑان بھری تھی، تاہم فوکر 27 ساختہ طیارہ اپنی منزل پر پہنچنے کے بجائے برف پوش پہاڑوں میں پراسرار طور پر لاپتہ ہوگیا تھا۔
پرواز میں عملے سمیت 54 افراد سوار تھے، جن میں دو غیر ملکی مسافر بھی شامل تھے۔ طیارے کی گمشدگی کے بعد پاکستان ایئر فورس نے خراب موسمی حالات کے باوجود کئی روز تک فضائی سرچ آپریشن جاری رکھا، جبکہ بعد ازاں کوہ پیماؤں کی مدد سے برف پوش چوٹیوں اور پہاڑی علاقوں میں بھی تلاش کی گئی۔
صبیح علی راجپوت کا دعویٰ درست ثابت ہونے کی صورت میں پی کے 404 کی گمشدگی سے جڑے 37 سال پرانے راز سے پردہ اٹھ سکتا ہے، تاہم طیارے کے ملبے کی حتمی شناخت اور مقام کی تصدیق کے لیے متعلقہ حکام اور ماہرین کی جانب سے زمینی تحقیق ضروری ہوگی۔
