Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

جاپان میں گہری نیند کا منفرد مقابلہ، فاتح کے لیے لاکھوں کا انعام

ٹوکیو میں منعقد ہونے والے اس دلچسپ مقابلے کو میٹریس ریس کا نام دیا گیا

ٹوکیو: جاپان میں نیند کی کمی کے بڑھتے ہوئے مسئلے کے پیشِ نظر گہری اور پُرسکون نیند کا ایک منفرد مقابلہ منعقد کیا گیا، جس میں شرکاء نے جلد از جلد اور گہری نیند سونے کی کوشش کی۔

ٹوکیو میں منعقد ہونے والے اس دلچسپ مقابلے کو میٹریس ریس کا نام دیا گیا۔ مقابلے میں درجنوں افراد نے نیند کی نگرانی کرنے والے خصوصی آلات پہن کر آرام دہ گدوں پر زیادہ سے زیادہ 90 منٹ تک نیند لینے کی کوشش کی۔

مقابلے میں فاتح کے لیے 20 لاکھ ین سے زائد، یعنی تقریباً 14 ہزار امریکی ڈالر کا انعام رکھا گیا تھا۔

شرکاء کے سروں پر نیند کی نگرانی کرنے والے آلات نصب کیے گئے تھے جو ان کی نیند کے معیار اور گہرائی کو جانچ رہے تھے۔ بعض شرکاء اپنے ساتھ نرم کھلونے بھی لے کر بستر پر پہنچے تاکہ زیادہ آرام دہ انداز میں سو سکیں۔

فاتح کا فیصلہ اس بنیاد پر کیا گیا کہ کون سا شرکاء سب سے جلد سویا اور اس کی نیند سب سے زیادہ گہری اور پُرسکون رہی۔

یہ بھی پڑھیں: دوران نیند جسم کو آرام دہ حالت میں رکھنے والا انوکھا تکیہ تیار

یہ مقابلہ کوالا سلیپ جاپان کی جانب سے منعقد کیا گیا۔ کمپنی کے تخلیقی ڈائریکٹر ریچیرو ناکاما کے مطابق مقابلے کا مقصد لوگوں کو نیند کی اہمیت سے آگاہ کرنا اور انہیں بہتر نیند کی طرف راغب کرنا تھا۔

اقتصادی تعاون اور ترقی کی تنظیم (OECD) کے 2021ء کے اعداد و شمار کے مطابق جاپانی شہری اوسطاً روزانہ 7 گھنٹے 24 منٹ سوتے تھے، جو تنظیم کے رکن ممالک میں سب سے کم اوسط تھی۔

ماہرین کے مطابق جاپان میں نیند کی کمی کی وجوہات میں کام اور سفر کی مصروفیات کے علاوہ رات گئے تک جاری رہنے والی سرگرمیاں بھی شامل ہیں۔

منتظمین کا کہنا ہے کہ مقابلے جیسے دلچسپ اقدامات کے ذریعے لوگوں کو یہ احساس دلانا مقصد ہے کہ اچھی اور مکمل نیند صحت مند زندگی کے لیے کتنی اہم ہے۔

Exit mobile version