پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان نویں جائزے کے آن لائن مذاکرات آج سے شروع ہوں گے۔
ذرائع وزارت خزانہ کے مطابق پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان مذاکرات میں اسٹاف لیول معاہدے کے حوالے سے اقدامات پر بات چیت ہو گی۔
یہ بھی پڑھیں: آئی ایم ایف پروگرام کی بحالی کیلئے شرائط پر عمل درآمد تیز
ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان پیشگی اقدامات سے آئی ایم ایف کو آگاہ کرے گا۔ 170 ارب روپے کا منی بجٹ،زرمبادلہ کے ذخائر اور بیرونی قرضوں پر بھی بات ہو گی۔
ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ منی بجٹ کے ذریعے 170 ارب روپے کے ٹیکسز لگانے کی تیاریاں جاری ہیں۔ حکومت صدارتی آرڈیننس کے ذریعے منی بجٹ لا سکتی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: آئی ایم ایف سے بجلی کی فی یونٹ قیمت بڑھانے پر اتفاق
ذرائع وزارت خزانہ کا کہنا ہے کہ منی بجٹ صدارتی آرڈیننس کے ذریعے لانے کے معاملے پر بھی آئی ایم ایف کو اعتماد میں لیا جائے گا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ آئی ایم ایف اور پاکستان کے درمیان اب تک ٹیکسوں کے معاملے پر اتفاق نہیں ہوا۔ آئی ایم ایف بجلی کے بیس ٹیرف میں اضافے کا مطالبہ کررہا ہے، جی ایس ٹی کی شرح میں بھی ایک فیصد اضافے کا مطالبہ سامنے آیا ہے۔
