Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

بجلی صارفین سے اضافی ٹیکس وصول کیے جانے کا انکشاف

اسلام آباد: بجلی بلوں میں اصل قیمت کے علاوہ بھاری ٹیکسز کی بھر مار جاری ہے، بجلی صارفین سے گزشتہ تین سالوں میں 13 سو ارب روپے سے زائد ٹیکس وصول کیے جانے کا انکشاف ہوا ہے۔

دستاویز کے مطابق بجلی صارفین سے گزشتہ تین سالوں میں 13 کھرب 83 ارب 34 کروڑ 50 لاکھ روپے ٹیکسوں کی مد میں وصول کیے گئے، ٹیکسوں کی وصولی بجلی کی اصل قیمت کے علاوہ ہے۔

دستاویز میں بتایا گیا ہے کہ تین سالوں میں پی ٹی وی فیس کی مد میں 25 ارب 70 کروڑ روپے کی وصولی کی گئی اور انکم ٹیکس کی مد میں ایک کھرب 80 ارب 49 کروڑروپے سے زائد وصول کیے گئے۔

اس کے علاوہ صارفین نے تین سالوں میں اضافی ٹیکس کی مد میں 89ارب 67کروڑ روپے ادا کیے، صارفین کی جیبوں سے مزید ٹیکس کی مد میں 24 ارب 99 کروڑ روپے نکلوائے گئے۔

دستاویز کے مطابق جنرل سیلز ٹیکس کی مد میں صارفین نے 9 کھرب 74 ارب 80 کروڑ روپے کی وصولیاں کی گئیں جبکہ تین سالوں میں سیل ٹیکس ریٹیلرز کی مد میں 17 ارب سات کروڑ روپے وصول کیے گئے۔

دستاویز میں مزید بتایا گیا کہ ایڈوانس ٹیکس کی مد میں صارفین نے تین سالوں میں 6ارب 49 کروڑ روپے ادا کیے جبکہ الیکٹرسٹی ڈیوٹی کی مد میں 6 ارب 25 کروڑ روپے وصول کیے گئے۔

Exit mobile version