Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

سال 2024 میں ڈالر مہنگا ہوگا یا سستا؟ اہم خبر آگئی

ایکسچینج کمپنیز ایسوسی ایشن کے چیئرمین ملک بوستان نے2024 میں ڈالر کی قیمت سے متعلق اہم پیشگوئی کر دی ہے۔

تفصیلات کے مطابق ایکسچینج کمپنیز ایسوسی ایشن کے چیئرمین ملک بوستان نے نجی ٹی وی چینل سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر اسمگلنگ اور ذخیرہ اندوزوں کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں تو سال 2024 میں ڈالر کی قیمت 250 روپے سے بھی کم ہو سکتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ اگر انتخابات نہ ہوئے یا کسی بڑی جماعت نے نتائج تسلیم نہ کیے تو ڈالر بے قابو ہوسکتا ہے اور پھر اس کی قیمت کا کوئی اندازہ نہیں لگا سکے گا۔

 ملک بوستان نے کہا کہ سیاسی استحکام کے بغیر معاشی استحکام ممکن نہیں، معیشت کا دروازہ سیاست کے دروازے سے گزر کر آتا ہے۔

ایکسچینج کمپنیز ایسوسی ایشن کے چیئرمین نے کہا کہ حکومت نے خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل کی تشکیل دی ہے جس کے تحت آئندہ 10 سال میں 112 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری پاکستان آئے گی جس کے معاہدوں پر دستخط بھی ہو چکے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کویت، سعودی عرب، متحدہ عرب امارات دیکھ رہے ہیں کہ پاکستان میں عام انتخابات کا انعقاد اور اس کے نتیجے میں سیاسی استحکام ہو، اسی کے ساتھ ان ممالک نے اربوں ڈالر کی سرمایہ کاری کرنی ہے جس سے ڈالر کے ریٹ میں مزید کمی ہو جائے گی۔

ملک بوستان نے کہا کہ اس وقت پاکستانی شہریوں کے علاوہ پاکستان میں سرمایہ کاری کرنے والے ممالک کی نظر عام انتخابات پر ہے، اب یہ سیاست دانوں کے ہاتھ میں ہے کہ وہ ملک کو اس مشکل سے نکالنے میں کیسے اپنا کردار ادا کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اس وقت جس طرح کے بیانات سیاسی قائدین دے رہے ہیں وہ سیاست دانوں کو زیب نہیں دیتے، اس سے سیاسی عدم استحکام مزید بڑھے گا، اس سے پاکستان کا دشمن فائدہ اٹھا سکتا ہے۔

Exit mobile version