رمضان المبارک کی آمد سے قبل مہنگائی کے ستائے عوام کیلئے ایک اور بُری خبر آگئی ہے۔
ادارہ شماریات کی جانب سے جاری کردہ رپورٹ کے مطابق مارچ کے پہلے ہفتے میں مہنگائی کی شرح میں 1 اعشاریہ 11 فیصد اضافہ ہوا جس کے باعث مہنگائی کا مجموعی پارہ 32 اعشاریہ 39 فیصد کی سطح پر پہنچ گیا۔
ایک ہفتے کے دوران پیاز فی کلو 60 روپے 1 پیسے مہنگا ہوا، فی کلو قیمت 178 روپے سے بڑھ کر 238 روپے ہوگئی۔
رواں ہفتے کے دوران آلو فی کلو 13 روپے 36 پیسے مہنگے ہوئے، ٹماٹر فی کلو 19 روپے 26 پیسے، ایل پی جی کا گھریلو سیلنڈر 140 روپے 59 پیسے مہنگا ہوا، کیلے فی درجن 10 روپے 22 پیسے مہنگے ہوئے۔
ایک ہفتے کے دوران انڈوں کی فی درجن قیمت میں 6 روپے 71 پیسے کا اضافہ، پیٹرول، جلانے کی لکڑی، بیف، مٹن بھی مہنگی ہونے والی اشیاء میں شامل ہیں جبکہ چکن، چائے، بریڈ اور گڑ سمیت 14 اشیاء سستی ہوئیں۔
گزشتہ ہفتے کے دوران چکن 31 روپے 6 پیسے فی کلو ، ڈالڈا کوکنگ آئل 26 روپے 2 پیسے سستا ہوا، چاول، چینی، مصالحہ دال مسور بھی سستی ہونے والی اشیاء میں شامل جبکہ تازہ دودھ، دہی سمیت 23 اشیاء کے دام مستحکم رہے۔
