Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

حکومت نے عید سے قبل عوام کو بڑی خوشخبری سنادی

حکومت نے عید سے قبل عوام کو بڑی خوشخبری سنادی ہے۔

پاکستان بیورو برائے شماریات کی جانب سے جاری کردہ ہفتہ وار رپورٹ  کے مطابق 28 مارچ کو ختم ہونے والے ہفتے میں 18 اشیاء کی قیمتوں میں کمی، 29 کی قیمتوں میں استحکام اور 4 کی قیمتوں میں اضافہ ہوا۔

رپورٹ کے مطابق گزشتہ ہفتے کے دوران ٹماٹر کی قیمت میں 12.04 فیصد، آٹا 3.80 فیصد، لہسن 2.59 فیصد، ایل پی جی 2.42 فیصد، پیاز 1.74 فیصد، آلو 1.07 فیصد، کیلا 0.77 فیصد، دال چنا 0.57 فیصد اور چینی کی قیمت میں 0.49 فیصد کی کمی ریکارڈ کی گئی۔

 اس کے برعکس چکن کی قیمت میں 4.92 فیصد، انڈے 1.61 فیصد، شرٹنگ 0.56 فیصد اور اری 6 نائن چاول کی قیمت میں 0.15 فیصد کا اضافہ ہوا۔

سب سے کم یعنی 17 ہزار 732 روپے ماہوار آمدنی رکھنے والے گروپ کیلئے قیمتوں کے حساس اشاریہ میں 0.27 فیصد کی کمی ریکارڈ کی گئی۔

 17 ہزار 733 روپے سے لے کر 22 ہزار 888 روپے، 22 ہزار 889 روپے سے لے کر 29 ہزار 517 روپے، 29 ہزار 518 روپے سے لے کر 44 ہزار 175 روپے اور اس سے زیادہ ماہوار آمدنی رکھنے والے گروپوں کیلئے قیمتوں کے حساس اشاریہ میں بالترتیب 0.22 فیصد، 0.17 فیصد، 0.12 فیصد اور 0.03 فیصد کی کمی ریکارڈ کی گئی۔

Exit mobile version