صدر فیڈریشن آف پاکستان چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹریز عاطف اکرام شیخ کا کہنا ہے کہ ملکی معیشت کو قرض کی بجائے سرمایہ کاری کی ضرورت ہے۔
صدر فیڈریشن آف پاکستان چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹریز عاطف اکرام شیخ نے کہا ہے کہ وزیر اعظم پاکستان کا دورہ سعودی عرب ملک میں سرمایہ کاری کے اعتبار سے اہم ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کے سعودی عرب سے تجارتی معاہدے بین الاقوامی اعتماد بڑھائیں گے۔ ملکی معیشت کو اس وقت قرض کی بجائے سرمایہ کاری کی ضرورت ہے جس کیلئے عالمی اقتصادی فورم کی سائیڈ لائن ملاقاتوں میں وزیراعظم بیرونی سرمایہ کاروں کو راغب کر سکتے ہیں۔
عاطف اکرام نے دو طرفہ کاروباری ماحول کو بہتر بنانے میں نجی شعبے کے کردار پر زور دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان سعودی سرمایہ کاروں کے لیے بہترین مارکیٹ ہے، دو طرفہ تجارتی حجم بڑھانے کیلئے نجی شعبہ بہت اہمیت کا حامل ہے۔ پاکستان میں زراعت، آئی ٹی، معدنیات اور سیاحت کے شعبے میں سرمایہ کاری کے مواقع ہیں، جس کو مدنظر رکھتے ہوۓ عرب ممالک کی حکومتوں سے جی ٹو جی بنیادوں پر بھی سرمایہ کاری کے معاہدے کیے جاسکتے ہیں۔
صدر ایف پی سی سی آئی نے کہا کہ اسٹاک مارکیٹ میں بہتری سے سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال ہوا ہے، عرب ممالک کے سرمایہ کار پاکستان میں سرمایہ کاری کیلئے کوشاں ہیں، سعودی عرب اور پاکستان کے درمیان تجارتی سرمایہ کاری اور تجارتی تبادلے سب سے اہم لین دین ہیں۔ ملکی معیشت کی مضبوطی کیلئے مزید سرمایہ کار دوست پالیسیوں کی ضرورت ہے۔
