Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

سولر پینل لگوانے کے خواہشمند افراد کیلئے بڑی خبر آگئی

سولر پینل لگوانے کے خواہشمند افراد کیلئے بڑی خبر آگئی ہے۔

پاکستان میں سولر پینلز کی قیمتوں میں سالانہ بنیادوں پر اب تک 60 فیصد سے زائد کی کمی ہو گئی ہے، تاہم اب سولر پینل سسٹم کی تنصیب گزشتہ سال کی نسبت 65 فیصد کی بچت کے ساتھ ممکن بنائی جاسکتی ہے۔

رواں ماہ سولر پینل کی قیمتوں میں 25 فیصد سے زائد کی کمی ہوئی ہے اور اب فی واٹ قیمت 37 روپے ہو گئی ہے۔

گھر میں سولر سسٹم لگوانے کے حوالے سے سولر سسٹم کے کاروبار سے وابستہ تاجروں کا کہنا ہے کہ رواں سال اگر پینلز کی قیمت 80 روپے سے زائد کم ہوئی ہے تو مکمل سولر سسٹم نصب کروانے والوں کا گزشتہ سال کی نسبت 60 سے 65 فیصد کم خرچ آئے گا۔

تاجروں کا کہنا ہے کہ 5 مرلے کے گھر میں 5 سے 7 کلو واٹ کا سولر سسٹم نصب کروایا جاتا ہے، جس کی مجموعی لاگت گزشتہ سال 12 سے 15 لاکھ روپے تک تھی تاہم اب سولر پینل سستے ہونے کے باعث اسی سسٹم کو 7 سے 8 لاکھ روپے میں نصب کروایا جاسکتا ہے۔

اس کے علاوہ بڑے گھروں میں 10 سے 15 کلو واٹ کے سسٹم کی تنصیب پر آنیوالی لاگت گزشتہ سال 22 سے 25 لاکھ روپے تھی جسے اب 11 سے 13 لاکھ روپے میں ممکن بنایا جاسکتا ہے۔

دوسری جانب نیشنل گریڈ سے بجلی کی خریداری میں مسلسل کمی ہو رہی ہے جس کے بارے میں سینٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی نے نیپرا کو آگاہ کر دیا ہے۔

نیپرا کو جمع کروائی گئی دستاویز کے مطابق مارچ میں بجلی کی کھپت میں مجموعی طور پر 7.5 فیصد کمی ہوئی بجلی کا سب سے کم استعمال گھریلو صارفین نے کیا۔

دستاویز میں کہا گیا ہے کہ گھریلو صارفین نے مارچ میں 11.3 فیصد بجلی کم استعمال کی جبکہ بلک صارفین نے مارچ میں بجلی کا 34.5 فیصد استعمال کم کیا اسی طرح صنعتی صارفین نے بھی 4.5 فیصد بجلی کم استعمال کی ہے۔

Exit mobile version