Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

’کپیٹل مارکیٹ ملک کی معاشی ترقی میں اہم کردار ادا کرتی ہے ‘

سی ای او پاکستان اسٹاک ایکسچینج فرخ ایچ خان کا کہنا ہے کہ کپیٹل مارکیٹ ملک کی معاشی ترقی میں اہم کردار ادا کرتی ہے۔

سی ای او پاکستان اسٹاک ایکسچینج فرخ ایچ خان نے میڈیا بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ لوگوں کو مارکیٹ میں سرمایہ کاری کی طرف لانا ہے، سٹہ کھیلنے کی بجائے لانگ ٹرم فنانسنگ پر لوگ توجہ دیں۔

انہوں نے کہا کہ کووڈ میں مارکیٹ کو نقصان پہنچا اور آج مارکیٹ تاریخی بلندیوں پر پہنچ گئی ہے، نئے ٹریڈنگ سسٹم آنے سے اتنے بڑے والیمز میں کام کیا گیا۔

فرخ ایچ خان نے کہا کہ سکوک کے ذریعے اسلامک طریقہ کار سرمایہ کاری کا موقع لوگوں کو ملا ہے، دوسری جانب حکومتی سطح پر بھی مارکیٹ میں سرمایہ کاری کا موقع ملا۔

 سی ای او پاکستان اسٹاک ایکسچینج نے کہا کہ پچھلے سات سال میں سب سے زیادہ آئی پی اوز کیے گئے ہیں، 17 کمپنیوں کی لسٹنگ کی گئی ہے، کیپٹل مارکیٹ کو اب حکومت اور صنعتیں اچھے آپشن کی طرح دیکھ رہی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ حکومت نے گزشتہ مالی سال 650 ارب روپے کپیٹل مارکیٹ سکوک کے ذریعے کمائے ہیں، کپیٹل مارکیٹ ملک کی معاشی ترقی میں اہم کردار ادا کرتی ہے۔

فرخ ایچ خان نے کہا کہ آن لائن اکاؤنٹ کی سہولت سے چھوٹے شہروں تک کپیٹل مارکیٹ کی رسائی ہوئی، اس سے قبل صرف کراچی، اسلام آباد اور لاہور میں اکاؤنٹ کھولے جاتے تھے۔

سی ای او پاکستان اسٹاک ایکسچینج نے کہا کہ سیاسی اور معاشی سرگرمیاں مارکیٹ پر اثر انداز ہوتی ہیں، مارکیٹ میں اتار چڑھاؤ سرمایہ کاری کے لیے اچھے ماحول بناتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس وقت مارکیٹ نئے ریکارڈ بنانے کے بعد تھوڑی محتاط ہے، یہ سال مارکیٹ کا 75واں سال ہے، کپیٹل مارکیٹ کی صرف ایک ہی مانگ ہے، ہم کہتے ہیں حکومت ہمیں رئیل اسٹیٹ اور دیگر مارکیٹوں کے مساوی کام کرنے کا موقع دے۔

فرخ ایچ خان نے کہا کہ انٹرنیٹ کے مسائل سے مارکیٹ سے اب تک کوئی شکایت نہیں آئی، ہمارے پاس اپنا فائبر سسٹم بھی موجود ہے جس سے انٹرنیٹ کی کوئی دشواری نہیں ہوئی، صارفین جو گھروں اور نجی دفاتر میں انٹرنیٹ استعمال کرتے ہیں ان کو شکایت ضرور ہوئی ہوگی۔

Exit mobile version