وزیراعظم معاشی پلان کے تحت ترسیلات زر کو 60 ارب ڈالرز تک بڑھانے کا ہدف مقرر کرلیا گیا۔
ذرائع وزارت خزانہ کے مطابق 2034 تک ترسیلات زر 32 ارب ڈالرز سے بڑھا کر 60 ارب ڈالرز مقرر کرنے کے ہدف کا تعین کرلیا گیا۔
خلیجی ممالک سمیت یورپی ممالک میں 26 کمیونٹی ویلفیئر اٹیچی کی تعیناتی آئندہ ماہ ہو گی۔
سول ملٹری فورم ایس آئی ایف سی اوورسیز کیلئے اہم کردار ادا کر رہی ہے۔اوورسیز پاکستانیوں کو ٹیکنالوجی زونز میں سرمایہ کاری کیلئے مراعات اور پروٹیکشن ملیں گی۔
ٹیکنالوجی زونز میں کام کرنے والے اوورسیز پاکستانیوں کو بلیو پاسپورٹ جاری کیے جائیں گے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ خلیجی ممالک سمیت یورپ سے ترسیلات بڑھانے کیلئے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ ترسیلات زر میں ہر سال 10 فیصد سے زائد اضافہ کیا جائے گا۔
سعودیہ، دبئی، قطر، انگلینڈ، نیویارک اور دیگر ممالک میں 26 کمیونٹی ویلفیئر اٹیچی تعینات ہوں گے جن میں سے 6 سعودیہ، 2 دبئی، 2 قطر اور باقی یورپین ممالک سمیت دیگر ممالک میں تعینات کیے جائیں گے۔
یورپی یونین کے تعاون سے اسکلڈ لیبر بڑھانے کیلئے تکنیکی پروگرامز اور ٹریننگ شروع کرائے جائیں گے۔ تکنیکی پروگرامز اور ٹریننگ کیلئے ملک میں 50 سے زائد نئے اسکلڈ سنٹر بنائے جا رہے ہیں۔
کمیونٹی ویلفیئر اٹیچی روزگار کے مواقع، نئے بزنسز، نئی مارکیٹس اور نئے منزلیں تلاش کریں گے۔
